حکومت نے ترقیاتی اخراجات کیلئے غیر ترقیاتی اخراجات میں بڑی کمی کی ہے، قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدہ توانائی کے شعبہ میں خود انحصاری کیلئے اہم کامیابی ہے،2018ء تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے توانائی کے شعبے کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کی قیمت میں کمی ہو،جب موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی تو ملک کو سیکورٹی اور توانائی کے بحران کا سامنا تھا، معیشت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھی، حکومت نے ملک میں میکرو اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے ٹھوس فیصلے کئے

وزیراعظم محمد نوازشریف کی پاکستان کے معروف تاجروں کے گروپ سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 12 فروری 2016 22:46

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ترقیاتی اخراجات کیلئے غیر ترقیاتی اخراجات میں بڑی کمی کی ہے، 2018ء تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے توانائی کے شعبے کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کی قیمت میں کمی ہو۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان کے معروف تاجروں کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کہی۔

شرکاء نے گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران دانشمندانہ معاشی پالیسیوں، موثر اور شفاف انتظام، دستیاب وسائل کو استعمال میں لانے، پراجیکٹ فنانس کے ذریعے کثیر اثرات، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے ذریعے 46 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری اور ملک کی سیکورٹی کی مجموعی صورتحال میں بہتری کے ذریعے نمایاں پیش رفت کے بعد میکرو اقتصادی استحکام اور معاشی ترقی کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے انہیں بتایا کہ جب موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی تو ملک کو سیکورٹی، توانائی کے بحران کا سامنا تھا، معیشت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھی تاہم حکومت نے ملک میں میکرو اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے ٹھوس فیصلے کئے اسی طرح فعال اور مثبت اقدامات کے ذریعے میکرو اقتصادی استحکام حاصل کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدہ کو توانائی کے شعبہ میں پاکستان کی خود انحصاری کیلئے ایک کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قطر کی حکومت کے ساتھ ایل این جی معاہدے پر دستخط ہوئے جو انتہائی کم قیمت کے ساتھ مکمل شفافیت کا حامل ہے۔ اس سے نہ صرف سی این جی، صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کی ضروریات پوری ہونگی بلکہ ملک کے بجلی پیدا کرنے کے کارخانوں کو بھی کم لاگت سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانوں میں تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قطری قیادت نے ملاقات کے دوران پاکستانیوں کیلئے بڑی محبت اور شفیق جذبات کا اظہار کیا۔

اس ہفتہ کے اوائل میں قطر میں جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق شو دیکھنے کے بعد انہوں نے پاکستان کی دفاعی پیداواری صنعت کی جدید ٹیکنالوجی اور مہارت پر فخر محسوس کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قطر نے مستقبل قریب میں اضافی ایک لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو روزگار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شرکاء نے وزیراعظم کو پاکستان کے کاروباری ماحول سے آگاہ کیا اور پاکستان کی معیشت کی تیزی سے ترقی کیلئے تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کا حوالہ دیا اور ٹیکس دہندگان کیلئے سازگار فضاء قائم کرنے کیلئے حکومت کے عزم کی تعریف کی۔ تاجروں نے ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے برآمدی شعبہ کیلئے زیرو ریٹڈ سیلز ٹیکس رجیم کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور اسے یکم جولائی 2016ء سے متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ شرکاء نے چھوٹے کاروبار کے قیام کے ذریعے پاکستان میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنی تجاویز بھی دیں جو ان دنوں تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔

وزیراعظم نے شرکاء کی تجاویز کے جائزہ کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جو حتمی فیصلے کیلئے 10 روز کے اندر ٹھوس تجاویز پیش کرے گی۔ انہوں نے تاجروں کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ نجی شعبہ پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ تاجر برادری کو خوف و ہراس کئے بغیر ٹیکسوں کی بنیاد کو وسیع کرنا چاہئے۔ ٹیکس مشینری اور ٹیکس دہندگان کے درمیان تعلقات میں بہتری آنی چاہئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔