Live Updates

عمران خان کاکشمیر کی 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا بیان کشمیریوں کی پشت میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے ، تحریک انصاف کے سربراہ متنازع بیان پر کشمیری عوام اور شہداء کشمیر کی روحوں سے معافی مانگیں ‘ تقسیم کشمیر کسی صورت قابل قبول نہیں ‘ ریاست کشمیر کی تمام اکائیاں جزو لاینفک ہیں ‘ کشمیری اپنی سرزمین کے ایک چپے سے دستبردار نہیں ہوں گے ‘ کشمیری عوام آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات میں عمران خان کو اس لایعنی بیان کا بھرپو رجواب دیں گے

کشمیری رہنماؤں راجہ فاروق ، خالد ابراہیم ،غلام محمد صفی، میر طاہر مسعود ‘ چوہدری یاسین ‘ عبدالرشید ترابی اور مولانا فاروقی کا عمران خان کے کشمیر بارے بیان پرردعمل

ہفتہ 13 فروری 2016 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) کشمیری قیادت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک موڑ پر کشمیر کی 3 حصوں میں تقسیم اور لداخ اور جموں بھارت کے حوالے کرنے کے بیان کو کشمیریوں کی پشت میں چھرا گھونپنے کے مترادف قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان اس متنازع بیان پر کشمیری عوام اور شہداء کشمیر کی روحوں سے معافی مانگیں ‘ تقسیم کشمیر کسی صورت قابل قبول نہیں ‘ ریاست کشمیر کی تمام اکائیاں جزو لاینفک ہیں ‘ کشمیری اپنی سرزمین کے ایک چپے سے دستبردار نہیں ہوں گے ‘ کشمیری عوام آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات میں عمران خان کو اس لایعنی بیان کا بھرپو رجواب دیں گے۔

ہفتہ کو ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر راجہ فاروق حیدر ‘ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان ‘ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دونوں دھڑوں کے کنونیئرز غلام محمد صفی اور میر طاہر مسعود ‘ آزاد کشمیرکے سینئر وزیر چوہدری یاسین ‘ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی اور جے یو آئی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما مولانا نذیر فاروقی نے کشمیری اخبارات میں شائع ہونے والے عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے تقسیم کشمیر کے بیان پر ان سادہ لوح افراد کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں جو عمران خان کو اب بھی نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ اس بیان کے بعد عمران خان مکمل طور پر بے نقاب ہو گئے ہیں او ر قوم کو پتہ چل گیا ہے کہ وہ کس کی زبان بول رہے ہیں۔ عمران خان اس سے قبل بھی بھارت جا کر کشمیر کے مسئلہ کو فریز کرنے کی بات کر کے وطن پہنچ کر مکر گئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس سے کم کسی بھی حل پر آمادہ نہیں ہوں گے۔ عمران خان کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ جموں اور لداخ بھارت کو دینے کی بات کریں۔ عمران خان کا بیان لاکھوں شہداء کے خون سے غداری ہے۔ آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری یاسین نے کہاکہ عمران خان نے تقسیم کشمیر کا بیان دے کر کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

ریاست کشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے اور ہم اپنی مادر وطن کے ایک ایک چپے کی حفاظت کریں گے۔ جموں و لداخ اور گلگت بلتستان کشمیر کا جزو لاینفک ہیں۔ عمران خان کون ہوتے ہیں جو کشمیر کے حصے بخرے کرنے کی تجاویز دیں آزاد کشمیر کے عوام ایسے عناصر کو مسترد کر دیں گے جو کشمیر کی تاریخ اور جغرافیے سے آگاہ نہیں۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ا براہیم خان نے کہا کہ لگتا ہے کہ عمران خان تاریخ ‘جغرافیے اور تحریک آزادی سے واقفت نہیں رکھتے۔

کشمیری عوام نے ہمیشہ تقسیم کشمیر کی کوششوں اور سازشوں کو مسترد کیا ہے۔ عمران خان تحریک آزادی سے ناواقفیت کی بناء پر اس طرح کی باتیں کرتے ہیں اور معلوم پڑتا ہے کہ اس بارے انہوں نے بیرسٹر سلطان محمود سے بھی مشاورت نہیں کی۔ کشمیری ریاست کی وحدت پر بہت حساس ہیں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں بھی ریاست کی تمام اکائیوں میں رائے شماری کی بات کی ہے۔

حریت کانفرنس کے رہنما?ں میر طاہر مسعود اور غلام محمد صفی نے کہا کہ حریت کانفرنس 84 ہزار مربع میل ریاست جموں و کشمیر کی بات کرتی ہے اور اقوام متحدہ کے نقشے میں بھی ریاست کا یہی حدود ار بع دکھایا گیا ہے۔ تقسیم کشمیر کی باتیں بیمار ذہن کی عکاس ہیں اور حریت کانفرنس سمیت کوئی بھی کشمیری جماعت یا تنظیم اس کی حمایت نہیں کر ے گی۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ عمران خان جیسے قومی لیڈر سے اس طرح کے متنازعہ بیان کی توقع نہیں تھی۔

ان کے مشیر انہیں کشمیر کی تحریک ‘ جغرافیے اور ہزاروں سالہ قدیم تاریخ سے آگاہ کریں۔ جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا نذیر فاروقی نے کہا کہ عمران خان نے یہ بیان دے کر ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں۔ کوئی ذی الشعور شخص کس طرح ریاست کے رقبے کے اعتبار سے بڑے خطے جموں و لداخ کو بھارت کے حوالے کرنے کی بات کر سکتا ہے۔ سابق وزیر اعظم سردار عتیق نے کہا کہ مسلم کانفرنس تقسیم کشمیر کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات