پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بار پھر ناقابل شکست ،روایتی بہادری کے ساتھ کراچی کنگز کو پچھاڑ دیا

5وکٹوں سے میچ جیت کر سرفہرست رہنے کا اعزاز برقرار ، ایلٹ مرد میدان قرار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگزکا 127رنز کا ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر18.5اوورز میں پورا کردیا

ہفتہ 13 فروری 2016 21:26

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بار پھر ناقابل شکست ،روایتی ..

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ کے مجموعی طور پر14ویں کرکٹ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے روایتی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو پچھاڑ دیا، کنگز کو 5وکٹوں سے شکست سے دوچارکرکے لیگ میں 10پوائٹس حاصل کر کے سرفہرست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔ ہفتہ کو یہاں شارجہ میں پاکستان سپر لیگ کا مجموعی طور پر 14واں کرکٹ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے 9وکٹوں کے نقصان پر 126رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو جیتنے کیلئے 127کا ٹارگٹ دیا، کنگز کے بلے باز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور باری باری آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے، صرف شعیب ملک نے نمایاں 45رنز بنائے، دوسرے نمبر پر بہتر سکور کرنے والے بلے بازجے ایم وینس تھے جنہوں نے 23رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے جی ڈی ایلٹ نے 4اور باقی5 باؤلرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد نواز کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے،127رنز کا ہدف عبور کرنے کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز انتہائی پراعتمادی کے ساتھ میدان میں اترے اور پھر وہی ہوا جس کی توقع تھی۔ اوپنرز ایل جے رائٹ نے 11اور احمد شہزاد نے 41 رنز سکور کئے۔ اس طرح گلیڈی ایٹرز کے آنے والے بلے بازوں نے سکور کو بہتر طریقے سے آگے بڑھایا۔

کے پی پیٹرسن نے 26، سرفراز احمد نے 29رنز سکور کئے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ جی ڈی الیون نے 5 اور محمد نواز نے 6رنز بنائے اور انور علی5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 127رنز کا ہدف 18.5اوورز میں پورا کرلیا اور مجموعی طور پر 10پوائنٹ حاصل کر کے سرفہرست رہنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے لیگ میں اب تک کل 6 میچ کھیلے ہیں جن میں ایک ہارا اور باقی 5 میں فتح حاصل کی ، نمایاں کارکردگی پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گرانٹ ایلٹ کو مرد میدان قرار دیا گیا۔