حیادار معاشرتی نظام کے لئے اسلامی تہذیب سے وابستگی نا گزیر ہے، زبیر فارو ق خان

ہفتہ 13 فروری 2016 22:01

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ نسل نو کی تربیت اور ایک اعلیٰ ومنظم ،پاکیزہ اور حیادار معاشرتی نظام کے لئے اسلامی تہذیب سے وابستگی نا گزیر ہے۔ معاشرے میں بڑھتے ہوئے اخلاقی جرائم اور بے راہ روی کے اسباب تلاش کرنے اور شرم و حیا،عفت و عصمت اور غیرت و حمیت کے اوصاف کو فروغ دینے کے لیے مناسب اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسلامی تہذیب ہی معاشرے اور خاندان کی فلاح وبقا کی ضامن ہے، لہٰذا اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے معاشرے کی تمام اکائیوں کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یو م حیاء کے مو قع پر اپنے ایک بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

زبیر فارو ق خان نے کہا ملک میں بڑے پیمانے پر مسلم معاشرے کی بنیادی قدروں کو بدل کر ہندوانہ اور مغربی تہذیبی رنگ میں ڈھالنے کی کوشش کی جارہی ہے اور آزادیٴ اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کے نام پر ملک میں فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جارہاہے ۔

اگر ملک میں بڑھتی ہوئی مغربی تہذیبی یلغار کے آگے بند باندھنے کی کوشش نہ کی گئی تو نہ صرف ہمارا خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گا بلکہ ہماری نئی نسل اسلامی تہذیب سے بے گانہ ہوجائے گی ۔انھوں نے کہا کسی بھی قوم کی بقاء اور شناخت اس کی تہذیبی قدریں ہی ہوتی ہیں ۔ قومیں اسی وقت مٹتی اور فنا ہوتی ہیں جب ان کی تہذیبی شناخت مٹ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طاغوتی قوتیں اسلامی تہذیب اور قدروں کے خلاف سرگرم عمل ہیں ۔