عالمی منڈی میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مقامی مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران سونے کی قیمت میں2ہزار روپے فی تولہ کا اضافہ

اتوار 14 فروری 2016 12:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 فروری۔2016ء)عالمی منڈی میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مقامی مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران سونے کی قیمت میں2ہزار روپے فی تولہ کا اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

فروری کے آغاز پر سونے کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا جبکہ گزشتہ ہفتہ کے آخری روز ملک میں سونے کی قیمت 48ہزار700روپے فی تولہ تک پہنچ گئی اور اسطرح صرف ایک ہفتہ کے دوران سونے کی مقامی قیمت میں ایک ہزار 950روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

سونے کے کاروبار سے وابستہ افراد اور معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران بین الاقوامی منڈیوں میں سونے کی قیمت 64ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سونے کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سرمایہ کاری ہے کیونکہ بڑے سرمایہ کار سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کی بجائے سونے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ سٹاک مارکیٹس میں بعض اوقات غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے نتیجے میں نقصان کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے ۔