ایڈم ووگزکے بیٹ سے نئے ریکارڈز اگلنے کا سلسلہ جاری

پیر 15 فروری 2016 12:47

ایڈم ووگزکے بیٹ سے نئے ریکارڈز اگلنے کا سلسلہ جاری

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 فروری۔2016ء) ایڈم ووگزکے بیٹ سے نئے ریکارڈز اگلنے کا سلسلہ جاری ہے، 35 برس عمر کے بعد زیادہ ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ میں پہلی اننگزکی سب سے زیادہ برتری بھی حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی بیٹسمین ایڈم ووگز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 239 رنز بنائے، اس طرح اپنی 19 ویں اننگز کے اختتام پر ان کی ایوریج 97.46 ہوگئی جوکہ ڈان بریڈمین کے بعد دوسری بہترین اوسط ہے۔

بریڈ مین کی19 اننگز کی تکمیل پر ایوریج 102.55 تھی، ووگز کی اوسط بھی آوٴٹ ہونے سے قبل 105.58تک پہنچ گئی تھی جوکہ ناٹ آوٴٹ رہنے پر قائم رہتی، ووگز نے 19 اننگز میں1267رنز اسکورکیے، اس دوران وہ 6 مرتبہ ناٹ آوٴٹ رہے۔

(جاری ہے)

ووگز کے 239 رنز کسی بھی آسٹریلوی کھلاڑی کا نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا جبکہ بیٹنگ آرڈر میں پانچویں یا اس سے نچلے نمبر پرکھیلنے والوں میں دوسرا بڑا اسکور ہے۔

ووگز کو 35 برس سے زیادہ عمر میں دوڈبل سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہوچکا، اس معاملے میں ان سے آگے کمارسنگاکارا ہیں جنھوں نے35 ویں سالگرہ منانے کے بعد تین ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔ویلنگٹن میں جاری پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 379 رنز کی برتری حاصل کی جوکہ اس کی نیوزی لینڈ میں سب سے بڑی سبقت ہے، اس سے قبل ویلنگٹن میں ہی 2004-05 میں آسٹریلیا نے 326 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ دوسری اننگز میں مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے نیوزی لینڈ کو 81 رنز کا اسٹینڈ فراہم کیا جوکہ 1993 کے بعد نیوزی لینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے