قائمہ کمیٹی پارلیمانی اموراجلاس:صوبوں کو ملازمتوں میں ملنے والے کوٹے کی تفصیلات طلب

پیر 15 فروری 2016 16:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام سے پارلیمانی امور کی وزارت میں تمام صوبوں کو ملازمتوں میں ملنے والے کوٹے کی تفصیلات طلب کر لیں کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینٹر سعید غنی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہا جس میں سینیٹر نہال ہاشمی ، گل بشریٰ اور سی نیٹر آغاز شہباز درانی نے شرکت کی ۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر آغا شہباز درانی نے کہا کہ پنجاب کا ملازمتوں میں کوٹہ 50 فیصد ہے لیکن 69 فیصد دیا جا رہا ہے سندھ کا کوٹہ 19 فیصد ہے لیکن اس کو 8 فیصد دیا جا رہا ہے خیبرپختونخوا کا ملازمتوں میں کوٹہ 11 فیصد ہے لیکن اس کو 16 فیصد مل رہا ہے لیکن بلوچستان کو پارلیمانی امور کی وزارت میں آبادی کے تناسب سے کوٹہ نہیں مل رہا پارلیمانی امور کی وزارت کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جن ملازمتوں کے لئے کوٹہ کے حساب سے نوکری دی جاتی ہیں اس کے مطابق تمام صوبوں کو ان کی آبادی کے مطابق ہی پارلیمانی امور کی وزارت میں نوکریاں دی جا رہی ہیں ہماری وزارت 2012 میں لا ء اینڈ جسٹس سے الگ ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

2015 میں اسٹیبلشمنٹ کے رول کے مطابق ہی وزارت پارلیمانی امور میں بھرتیاں کی گئی ہیں جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ جن لوگوں پر کوٹہ اپلائی نہیں کرتا وہ کہاں سے آ رہے ہیں اور کس فارمولے کے تحت آ رہے ہیں ان تمام طریقہ کار کو سمجھنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ کو بلانا پڑے گا جس سے تمام ممبران کمیٹی نے اتفاق کیا اور کمیٹی نے آئندہ میٹنگ میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام سے پارلیمانی امور کی وزارت میں تمام صوبوں کو ملازمتوں میں ملنے والے کوٹے کی تفصیلات طلب کر لیں ۔

متعلقہ عنوان :