مجید حکومت کا دباؤ :مصطفی مغل نے چیف الیکشن کمشنر کا چارج لینے سے انکار کر دیا

لیگی قیادت مصطفی مغل کو منانے کیلئے کوشاں،سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع 2013کے عام انتخابات میں عدلیہ اور چیف الیکشن کمشنر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اسلئے مصطفی مغل عہدہ لینے سے گریزاں ہیں،ذرائع

پیر 15 فروری 2016 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 فروری۔2016ء ) مجید حکومت کا دباؤ یاعدلیہ کو متنازع بننے سے بچانے کی کوشش ، چیف الیکشن کمشنر کے لیے مقرر ہونے والے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مصطفی مغل نے مستقل چیف الیکشن کمشنر کاچارج لینے سے پھر انکار کر دیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے مصطفی مغل کو منانے کے لیے کئی روز سے مظفرآباد میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں تاہم چیف الیکشن کمشنر مصطفی مغل عہد ہ لینے سے گریز کر رہے ہیں اور انہوں نے ن لیگ کی قیادت کو صاف انکار کر دیا ،ذرائع نے بتایا کہ مصطفی مغل نے عدلیہ کو متنازعہ بننے سے بچانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کیا، ذرائع نے مزید بتایا کہ مصطفیٰ مغل پاکستان کے عام انتخابات2013 میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان اورچیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان پر دھاندلی کے الزامات کی وجہ سے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر بننے سے گریز کر رہے ہیں تا کہ 2016 کے عام انتخابات میں آزاد کشمیر کی عدلیہ کو متنازع نہ بنے ،ذرائع نے بتایا کہ مجید حکومت کی جانب سے نئے نامزد چیف الیکشن کمشنر پر ماضی میں دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ قبول نہ کریں، ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ آزاد کشمیر کی قیادت نے نئے مقرر چیف الیکشن کمشنر کو منانے کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں تا کہ تمام سیاسی جماعتیں مصطفی مغل پر اعتماد کا اظہار کریں اور مصطفی مغل سے رابطے کر کے عہدہ لینے پر رضامند کریں،ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ24 گھنٹے اہم ہیں جس میں مصطفی مغل کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے عہدے کے بارے میں حتمی اعلان کریں گے ،واضح رہے کہ کشمیر کونسل کی ایڈوائس پرچیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ کو چیف الیکشن کمشنر کیلئے نامزد کیا گیا تھا تاہم آزاد حکومت نے مصطفی مغل کے نام پر شدید اختلاف کیا اور انہیں چیف الیکشن کمشنر لگانے پر صاف انکار کر دیا تاہم گزشتہ روز سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے حکم پر آزاد حکومت نے مصطفی مغل کو چیف الیکشن کمشنر نامزد کرتے ہوئے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :