اسلام آباد پولیس کا رینجرز اور حساس اداروں کے ہمراہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں مشترکہ سرچ آپریشن ٗ فارم ہاؤسز اور ہاسٹلز کی تلاشی

اسلحہ، لیپ ٹاپ برآمد کر کے تین افراد گرفتار کر لئے گئے ٗتفتیش شروع کر دی گئی

پیر 15 فروری 2016 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) اسلام آباد پولیس نے رینجرز اور حساس اداروں کے ہمراہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران فارم ہاؤسز ، ہاسٹلز کی تلاشی لی گئی ٗ اسلحہ، لیپ ٹاپ برآمد کر کے تین افراد گرفتار کر لئے گئے ۔ سیکورٹی اداروں نے چک شہزاد اور گرد و نواح کے علاقوں میں نماز فجر کے بعد مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا جو تین گھنٹے جاری رہا ۔

(جاری ہے)

آپریشن میں رینجرز کے 30 ، اسلام آباد پولیس کے 12 ، ملٹری انٹیلی جنس کے 2 ، آئی ایس آئی کے 3 اور سپیشل برانچ کا ایک اہلکار شریک تھا ۔ کارروائی کے دوران بیس فارم ہاؤسز اور 15 ہاسٹلز کی تلاشی لی گئی ، آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ ملزمان کے قبضے سے ایک بارہ بور رائفل ، ایک پمپ ایکشن اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں ۔ سیکورٹی اداروں نے مشتبہ شخص سے لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کو تھانہ شہزاد ٹاؤن منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے