آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے، وہ بہانہ سازی کر کے الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں،چوہدری عبدالمجید لوگوں کے سامنے جھوٹے آنسو بہا کر خود کو شکست سے بچانا چاہ رہے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کا وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیان پر رد عمل کااظہار

پیر 15 فروری 2016 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے، جس وجہ سے وہ کوئی بہانہ سازی کر کے الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں،چوہدری عبدالمجید لوگوں کے سامنے جھوٹے آنسو بہا کر خود کو شکست سے بچانا چاہ رہے ہیں۔

وہ پیر کو آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے بیان پر رد عمل کااظہار کر رہے تھے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آزاد کشمیر میں وہی شور مچا رہے ہیں جن کی حکومت ہے، چوہدری عبدالمجید وزیراعظم کی حیثیت سے آزاد کشمیر میں امن و امان کے ذمہ دار ہیں، 2013ء میں وفاقی حکومت سنبھالنے کے بعد آٰزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کا بہت بڑا فارورڈ لاک بن گیا تھا لیکن وزیراعظم نواز شریف نے اس وقت کہا تھا کہ وہ مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نواز شریف کی وجہ سے چوہدری عبدالمجید آزاد کشمیر میں وزیراعظم ہیں،پیپلز پارٹی کو 2013ء کے الیکشن اور پھر بلدیاتی الیکشن میں ہار کا سامنا کرنا پڑا اور اب بھی انہیں ہار نظر آ رہی ہے تو کسی نہ کسی طرح سے الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں، چوہدری عبدالمجید بھی اس سازش میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء سیاسی رہنماء ہیں، وہ سب اپنی پارٹی کے جلسے اور جلوسوں میں جاتے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی بھی آزاد کشمیر کے معاملات میں مداخلت نہیں کی۔