اٹلی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سٹیفانو پونٹے کاروہ

دہشت گردی کا اسلام سے تعلق جوڑنا درست نہیں ہے،سفیر اٹلی کی وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات محض چند عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے مذہب کا سہارا لیتے ہیں،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، سردار محمد یوسف

پیر 15 فروری 2016 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 فروری۔2016ء) اٹلی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دہشت گردی کا اسلام سے تعلق جوڑنا درست نہیں ہے۔ یہ بات پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹے کاروہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔

تفصیلات کے مطابق سٹیفانوپونٹے کاروہ نے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر سردار محمد یوسف سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل تحفظ اور حقوق پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پشاور اور چارسدہ جیسے واقعات پراظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ اٹلی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے مئوقف کی تائید کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہااور پاکستان میں اقلیتوں کے قومی تہواروں پر صدر اور وزیر اعظم کی طرف سے ان کی دلجوئی اور شرکت پر خوشی کا اظہار کیا ۔انہوں نے پاکستانی عوام کی محنت اور جفا کشی کی خصوصاً تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دلی وابستگی کا اظہار کیا ۔ سردار محمد یوسف نے پاکستانی حکومت اور وزارت کی طرف سے بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محض چند عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے مذہب کا سہارا لیتے ہیں ۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر بین المذہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ سٹیفانو نے وفاقی وزیر کو اس سلسلے میں اٹلی کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ آخر میں وفاقی وزیر نے اٹلی کے سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :