پاکستان کے ساتھ مذاکرات پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات سے مشروط نہیں،بھارت

مذاکرات کیلئے کوئی خاص تاریخ تو نہیں بتا سکتا لیکن دونوں ملکوں کے سیکریٹری خارجہ مسلسل رابطے میں ہیں،بھارتی ہائی کمشنر

پیر 15 فروری 2016 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) بھارت نے کہاہے کہ پاکستان کے ساتھ سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کی تحقیقات سے مشروط نہیں، مذاکرات کیلئے کوئی خاص تاریخ تو نہیں بتا سکتے لیکن دونوں ملکوں کے سیکریٹری خارجہ مسلسل رابطے میں ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو انڈین ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے کہا کہ دونوں ملک مستقبل قریب میں سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں،انہوں نے کہاکہ میں ان مذاکرات کیلئے کوئی خاص تاریخ تو نہیں بتا سکتا لیکن دونوں ملکوں کے سیکریٹری خارجہ مسلسل رابطے میں ہیں،خیا ل رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان پیرس میں ملاقات اور پھرمودی کے اچانک لاہور دورے کے بعد دونوں ملکوں میں منجمد تعلقات میں بحالی کے آثار نظر آنے لگے۔

(جاری ہے)

دسمبر میں دونوں ملکوں نے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد باہمی مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔بعد ازاں ، دونوں ملکوں نے اتفاق کیا کہ سیکریٹری خارجہ 15 جنوری کو ملاقات میں مذاکرات کا ٹائم ٹیبل اور طریقہ کار طے کریں گے۔تاہم، پٹھان کوٹ حملے میں سات سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد انڈیا نے جیش محمد کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرا کر مذاکرات کو گروپ کے خلاف کارروائی سے مشروط کر دیا تھا۔نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والی ایک اعلی سطحی اجلاس، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے، طے پایا کہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے میں انڈیا سے تعاون کرے گا۔