اسلامی یونیورسٹی ، نو تعینات پروفیسر ز کے اعزاز میں ظہرانہ

پیر 15 فروری 2016 21:25

ٍاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تعینات ہونے والے 18 پروفیسر خواتین و حضرات اور دیگر فیکلٹی ممبران کے اعزاز میں جامعہ کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (آسا) کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی و صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدران نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ ظہرانے میں 18 پروفیسرز کے علاوہ تعینات ہونے والے 24 ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ان کے علاوہ اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچرار خواتین و حضرات نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے ترقیوں اور تعیناتیوں پر فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے ایک مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے جس میں ٹھہراؤ نہیں آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ جامعہ کی اعلیٰ قیادت یونیورسٹی کی ترقی کے ضمن میں تعاون کے لیے ہر لمحہ پیش پیش نظر آئے گی۔ ریکٹر جامعہ نے اساتذہ کی تعیناتیوں اور ترقیوں میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہاکہ انتھک محنت ہمیشہ کامیابی کی ضامن ہوتی ہے جس کی واضح مثال آج جامعہ میں بہترین اساتذہ کی موجودگی ہے۔

انہوں نے اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ امت کی تقدیر بدلنے والے افراد ہیں اور انہیں اپنے علم کو نوجوان اذہان میں خلوص نیت سے منتقل کرنا ہو گا۔ تقریب سے صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال ( چیئرمین شعبہ ابلاغیات جامعہ) نے اساتذہ کے ساتھ تعاون اور نئے اساتذہ کی تعیناتیوں اور فیکلٹی ممبران کی ترقی پر جامعہ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک مثالی اقدام قرار دیا۔

تقریب میں جامعہ کے سابق نائب صدر طاہر منصوری نے بھی شرکت کی جن کی اساتذہ کی ترقی و تعیناتی میں کاوشوں کو سراہا گیاجبکہ تقریب میں نائب صدور اور تمام کلیات کے ڈینز ،ڈائریکٹر جنرل انتظامی امور و مالیات امور خالد محمود راجہ ، ڈائریکٹر ز اور فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔ آخر میں پروفیسرز ، ایسوسی ایٹ پروفیسرز ، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرار خواتین و حضرات میں ریکٹر و صدر جامعہ نے یادر گاری شیلڈز تقسیم کیں۔