غذر ،بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون، درجنوں غیر قانونی کنکشن کاٹ دئیے گئے

پیر 15 فروری 2016 22:52

غذر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء ) گوپس۔یاسین میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون درجنوں غیر قانونی کنکشن کاٹ دئیے گئے۔ گوپس میں اسسٹنٹ کمشنر نوید احمدکی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہُوا جسمیں ویلیج لیول کمیٹیوں کے سربراہان اور محکمہ واٹر اینڈ پاور کے عہدیدران نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں بجلی اور وولٹیج کی کمی کے حوالے سے یہ فیصلہ ہُوا کہ نہ صرف روایتی بلب ، ہیٹر اور گیزرکااستعمال بند کیا جائے گا بلکہ کمیٹیوں کے سربراہان رضا کرانہ طور پر اپنے اپنے گاؤں میں بجلی چوری اور غیر ضروری آلات کے استعمال کا سد باب کرنے کے لئے انتظامیہ کو اطلاع کریں گے۔

اس فیصلے کو مد نظر رکھتے ہُوئے لیویز اور واٹر اینڈ پاور کے عملے پر مشتمل خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں کہ وہ مختلف گاؤں میں جاکر چھاپے مار ے اور بجلی چوروں کے خلاف بھر پور کاروائی کریں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر گزشتہ روز لیویز اور محکمہ واٹر اینڈ پاور کی ٹیموں نے سمال اور راؤشن میں چھاپے مارے اور درجنوں غیر قانونی کنکشن کاٹ دئیے۔

اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہُوئے کہا کہ ہم نے بجلی چوروں کے خلاف اپنے کاروائی کا آغاز کردیا ہے اور اُن کو اُن کے منطقی انجام تک پہنچا کے چھوڑیں گے۔ ہم نے اس سے پہلے بجلی کے غیر ضروری استعمال پر دفعہ 144کا نفاذ کیا تھا اور گھروں اور دکانوں میں روایتی بلب ، ہیٹر اور گیزر کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی اور اسکے نفاذ کے بعد ہم نے کاروائی کرتے ہُوئے درجنوں بلب اور ہیٹر بھی قبضہ میں لئے تھے۔

جسکے نتیجے میں ہمیں وولٹیج میں کافی بہتری دیکھنے میں آئی تھی اور اب دوسے مرحلے میں ہم نے بجلی چوروں کے خلاف اپنی کاروائی کا آغاز کیا ہے اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو کہ گاؤں لیول کمیٹیوں کے ساتھ ملکر بجلی چوروں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں درجنوں کنکشن کاٹے جا چکے ہیں اور بجلی چوروں کو تنبیہ کردی ہے کہ آئندہ ایسا کرنے پر اُنہیں سخت جُرمانہ اور جیل کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

اسسٹنت کمشنر نے مزید کہا کہ گوپس۔یاسین وہ واحد سب ڈویثرن ہے جہاں ہفتہ کے ۷ دنوں میں صرف ایک دن چار گھنٹے کے لئے شیڈول کے مطابق لائٹ جاتی ہے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جیسی مشکلات کا سامنا نہیں ۔ لوگوں کی طرف سے ہمیں وولٹیج میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کے اس مختصر دورانیہ کے خلاف ہمیں شکایات موصول ہوئی ہیں جنکے سد باب کے لئے ہم نے یہ اقدام اُٹھائے ہیں اوراسمیں خاطر خواہ حد تک کامیاب بھی ہوچکے ہیں۔

ان اقدامات کی بدولت نہ صرف وولٹیج میں کمی کا خاتمہ ہُوا ہے بلکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی کمی ہُوئی ہے۔عوامی حلقوں نے سب ڈویثرنل انتظامیہ کے ان اقدامات پراظہار مسرت کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ روایتی آلات کے استعمال کے خلاف دفعہ 144کا نفاز اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی سے بجلی اور وولٹیج میں کمی میں مزید بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

متعلقہ عنوان :