ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016 کے تمام میچوں کے اوقات اور وارم اپ میچوں کی تاریخ کا اعلان

منگل 16 فروری 2016 12:43

ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016 کے تمام میچوں کے اوقات اور وارم اپ میچوں کی تاریخ کا ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے تمام میچوں کے اوقات اور وارم اپ میچوں کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی (مینزاور ویمنز) 2016 کا انعقاد بھارت کے 8 مختلف شہروں میں 8 مارچ 2016 سے 3 اپریل 2016 تک ہوگا۔آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق مردوں کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلے دوپہر کے اوقات میں مقامی وقت کے مطابق 3 بجے سے 6 بجے تک ہوں گے جبکہ شام کو کھیلے جانے والے میچ 7:30 سے 10:40 کے درمیان منعقد ہوں گے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے 7:30 سے 10: 10 بجے تک ہوں گے۔دوسری جانب خواتین کے مقابلے مقامی وقت کے مطابق دوپہر کو 3:30 سے 06:15 اور شام کو 07:30 سے 10:15 بجے تک ہوں گے، خواتین کے سیمی فائنل اور فائنل 02:30 بجے سے 05:15 بجے تک ہوں گے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دونوں مرحلوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے وارم اپ میچوں کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پہلے مرحلے کی ٹیمیں 3 مارچ سے 6 مارچ تک دھرم شالا میں وارم اپ میچوں میں مصروف ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں شریک ٹیمیں 10 مارچ سے 15 مارچ تک کولکتہ اور ممبئی میں وارم اپ ہوں گی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شریک ویمنز کرکٹ ٹیمیں 10 مارچ سے 14 مارچ تک بنگلور اور چنائی میں وارم اپ میچ کھیلیں گی۔پاکستان مینز ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 12 مارچ کو مقامی ٹیم اور دوسرا میچ دفاعی چمپیئن سری لنکا سے 15 مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گی جبکہ ویمنز ٹیم 10 مارچ کو نیوزی لینڈ اور 12 مارچ کو جنوبی افریقہ سے چنائی میں مدمقابل ہوگی۔ورلڈٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے کا آغاز 8 مارچ کو ہوگا جہاں سے دوٹیمیں دوسرے مرحلے میں جگہ بنائیں گی جس کا آغاز 15 مارچ کو میزبان ہندوستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ ۔

متعلقہ عنوان :