پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر دوررس نتائج مرتب کرے گی، کرس گیل

منگل 16 فروری 2016 12:43

پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر دوررس نتائج مرتب کرے گی، کرس گیل

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کا کہنا ہے کہ لیگ پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر دوررس نتائج مرتب کرے گی۔کرس گیل نے خیلج ٹائمز کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پی ایس ایل شاندار ٹورنامنٹ ہے اور ہر کوئی دبئی اور شارجہ میں لطف اندوز ہورہا ہے اور ہمیں کچھ اعلیٰ معیار کی کارکردگی بھی دیکھنے کو ملی جبکہ نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کا جوش دیدنی اور بڑے ناموں سے سیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیگ کے انعقاد کے لیے کی جانے والی کوششوں نے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیردی ہیں اور تمام لوگ مطمئن نظر آرہے ہیں۔ایک سوال کے پر گیل نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ لوگ میری جارحانہ بیٹنگ چھکے اور چوکے دیکھنے آتیہیں اور میں نے ہمیشہ اس کی کوشش کی لیکن بعض اوقات چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں اسی لیے اس کو کرکٹ کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کامزید کہنا تھا کہ"میری ناکامی کے باوجود سرفہرست ٹیموں میں سے ایک میرے بہترین دوست بوم بوم آفریدی کی زیرقیادت پشاور زلمی کو شکست دینا شاندار تھا"۔انھوں نے امید ظاہرکی کہ اس میچ کے بعد چیزیں تبدیل ہوں گی اور لوگوں کو کچھ دھواں دھار اننگز دیکھنے کو ملیں گی۔پاکستان میں سکیورٹی خدشات کے باعث پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کے حوالے سے کرس گیل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر کھلاڑی اور مداحوں کے لیے دلخراش بات ہے۔ ۔