شمالی کوریا جوہری پروگرام بند نہیں کرتا تو صرف تباہی ہی اس کا مقدر ہوگی:صدرجنوبی کوریا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 فروری 2016 13:25

سیول(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16فروری۔2016ء) جنوبی کوریا کی صدر پارک گیو¿ن ہائی نے ہمسایہ ملک شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اپنا جوہری پروگرام بند نہیں کرتا تو صرف تباہی ہی اس کا مقدر ہوگی۔منگل کو دارالحکومت سیول میں پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے صدر پارک نے کہا کہ شمالی کوریا کو اس حقیقت کا ادارک کروانا لازمی ہے کہ اس کے جوہری عزائم کا نتیجہ صرف ’حکومت کے زوال‘ کے عمل میں تیزی کی شکل میں نکلے گا۔

خطاب میں جنوبی کوریا کی صدر نے شمالی کوریا کے اشتراک سے چلنے والے کائسونگ صنعتی پارک کی بندش کا دفاع کیا اور کہا ہے کہ یہ صرف آغاز ہے اور ان کا ملک مزید ’سخت اور کارگر‘ اقدامات کرے گا۔سیول سے نامہ نگاروں کے مطابق اگرچہ صدر پارک نے مزید پابندیوں کی تفصیل نہیں بتائی لیکن ممکنہ طور پر جنوبی کوریا ایسے بحری جہازوں کی اپنے ملک میں آمد پر پابندی لگا سکتا ہے جو شمالی کوریا کی کسی بندرگاہ سے ہو کر آ رہے ہوں۔

(جاری ہے)

ادھر اقوامِ متحدہ میں جنوبی کوریا کے مندوب نے سلامتی کونسل پر بھی زور دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی جانب سے راکٹ کے تجربے کے بعد اس کے خلاف مجوزہ پابندیوں کی منظوری دے۔قومی سلامتی کے امور کے لیے امریکی صدر کی مشیر سوزن رائس نے بھی کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ چین سخت پابندیوں کی حمایت کرے گا۔کیلیفورنیا میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین نہیں چاہے گا کہ شمالی کوریا کے حالیہ جارحانہ رویے کے بعد اسے شمالی کوریا کے محافظ کے طور پر دیکھا جائے۔

امریکی سینیٹ نے شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ راکٹ تجربے کے بعد متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں سخت کرنے کی منظوری دی ہے لیکن شمالی کوریا کا سب سے اہم تجارتی اتحادی چین ا±س کے خلاف پابندیاں عائد کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :