ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے بھر پور تیاریاں جاری

باقاعدہ کیمپ 27فروری سے کراچی میں شروع ہوگا، پاکستان کے پول میں دنیا کی سخت ٹیمیں شامل ہیں، قومی ویمن ٹیم کا مورال بلند ہے،عائشہ اشعر

منگل 16 فروری 2016 18:02

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے بھر پور تیاریاں جاری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ پی سی بی حکام نے یو اے ای میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کرواکر ملکی کرکٹ کی ترقی کیلئے اہم قدم اٹھایا ہے اور امید ہے کہ وہ ویمن سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کروائیں گے۔ منگل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے اور نئے قومی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر تجربہ حاصل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ویمن کرکٹ کو بہت سپورٹ کرتے ہیں۔ عائشہ اشعر نے کہاکہ ویمن کرکٹ دنیا میں بہت مقبول ہورہی ہے اور آسٹریلیا میں تو ویمن بگ بیش ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا تھا اور دیگر ممالک میں بھی ویمن کرکٹ لیگ کے انعقاد کیلئے کوششیں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور اس مقصد کیلئے باقاعدہ کیمپ 27 فروری سے کراچی میں شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ قومی ویمن ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے پول میں دنیا کی سخت ویمن ٹیمیں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، بھارت اور بنگلہ دیش شامل ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم ان تمام ٹیموں کو ماضی میں شکست سے دوچار کرچکی ہے جس کی وجہ سے قومی ویمن ٹیم کا مورال بلند ہے اور مذکورہ تمام ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرکے مثبت نتائج حاصل کرے گی۔ ۔