حکومت پرویز مشرف کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر کے قوم کو گمراہ کررہی ہے، عوام جانتے ہیں کہ مشرف دور میں وہ کتنے زیادہ خوشحال تھے،پرویز مشرف دور میں میڈیا سمیت دیگر انڈسٹری کو بھرپور فروغ ملا، آئی ایم ایف کا کشکول توڑ دیا گیا

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کاوزیراعظم کے خطاب پرردعمل کااظہار

منگل 16 فروری 2016 18:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف جنرل(ر)پرویز مشرف کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر کے قوم کو گمراہ کررہے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ وہ مشرف دور میں کہیں زیادہ خوشحال تھے،پرویز مشرف دور میں میڈیا سمیت دیگر انڈسٹری کو بھرپور فروغ ملا، آئی ایم ایف کا کشکول توڑ دیا گیا،نواز شریف کا اپناے منہ میاں مٹھوبننا شرمناک ہے۔

منگل کو وزیراعظم نواز شریف کی بہاولپور میں کارکنوں سے کی گئی تقریر پر پارٹی کی طرف سے جاری رد عمل میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک سانس میں سچ بولنے کے عمل کی تعریف کرتے ہیں جبکہ دوسرے ہی سانس میں جھوٹ کی بھرمار کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

قوم کو مہنگے قرضوں کی دلدل ، غربت ، بے روز گاری، گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے تحائف دینے والے میاں نواز شریف کو پرویز مشرف پر بے جا تنقید کرنے پر شرم آنی چاہئیے۔

قوم اچھی طرح سے جانتی ہے کہ پرویز مشرف نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جبکہ ن لیگی حکومت نے ملک کابیڑہ غرق کردیا ہے۔ آج پاکستان غیرملکی قرضوں میں بری طرح سے جکڑا جاچکا ہے، ملک میں بے روزگاری،مہنگائی اور کرپشن کا راج ہے۔ایسے میں میاں نواز شریف کو اپنے منہ میاں مٹھو بننا زیب نہیں دیتا۔ میاں نواز شریف کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہئیے تھا مگر افسوس کہ ایسا نہیں ہوا۔ان کی ہوس ملکی مفادات کو نگل رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ زمانہ گزرگیا جب نواز شریف جیسے سیاستدان اپنی چکنی چپڑی باتوں سے عوام کو بے وقوف بنا لیاکرتے تھے۔ اب عوام میں شعور بیدار ہوچکا ہے۔عوام میڈیا پر آکر اپنی جھوٹی تعریفیں کرنے والوں پرہنستے ہیں۔