پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات کا حساب مانگ لیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 فروری 2016 21:15

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے پر ..

لاہو (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات کا حساب مانگ لیا۔ تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلٰی اس معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لیں،رانا ثناء اللہ کہتے ہیں اس منصوبے کی تکمیل سے اپوزیشن کی سیاست دفن ہو جائے گی۔

اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج سڑکوں سے ہوتا ہوا ایوان تک جا پہنچا۔ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکموں کے ترقیاتی فنڈز اس ایک منصوبے پر لگائے جا رہے ہیں۔ ایوان کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ اپوزیشن کے احتجاج پر حزب اقتدار کے اراکین بھی اپنی نششتوں پر کھڑے ہو گئے اور اپوزیشن کے رویے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

وزیر قانون پنجاب نے بھی جوش خطابت میں اپوزیشن کو اورنج لائن منصوبے پر ایوان پر بحث کرنے کا چیلینج کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل منفی سیاست کے خاتمے کا سبب بنے گی۔اسپیکر رانا محمد اقبال نے معاملے کو سمیٹتے ہوئے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر 18فروری کو ایوان میں بحث کرانے کا حکم جاری کیا۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وزیر اعلٰی کی طرف سے ایوان میں وضاحت تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔