عامر سہیل نے ورلڈ ٹی 20 میں قومی سکواڈ کو غیر متوازن قرار دیدیا

بدھ 17 فروری 2016 12:43

عامر سہیل نے ورلڈ ٹی 20 میں قومی سکواڈ کو غیر متوازن قرار دیدیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) پاکستان کے سابق کپتان اور اوپنر عامر سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ورلڈکپ اسکواڈ متوازن نہیں۔جس ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اس میں کوالٹی اسپنرزکی کمی محسوس ہورہی ہے۔اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ ورلڈ کپ بھارت میں منعقد ہورہا ہے اور وہاں اسپنرز ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں ایسے میں کوالٹی اسپنر کی عدم موجودگی باعثِ تشویش ہے۔

آپ جب بھارت میں کھیلیں گے تو ایک مستند اسپنر نہ کھلانے اور ایک بھاری پیس اٹیک کے ساتھ جانے کا آپ کو خود ہی احساس ہوجائے گاجس کا نتیجہ کچھ اس طرح سے سامنے آئے گا کہ وکٹیں لینے کا سارا دباوٴ شاہد آفریدی پر آجائے گا۔اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ٹرننگ ٹریکس پر ایک پارٹ ٹائم بولر بھی وکٹوں کے انبار لگا سکتا ہے لیکن تب کیا ہوگا جب کسی وکٹ میں ٹرن موجود نہ ہو۔

(جاری ہے)

سعید اجمل اور یاسر شاہ کے بعد کوئی ایسا اسپنر نظر نہیں آرہا جو تنے تنہا اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرا سکے۔احمد شہزاد کو ڈراپ کرنے کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی احمد شہزاد کو ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنا تے رہے ہیں لیکن جب ان کو ڈراپ کرکے خرم منظور کو ٹیم میں شامل کیا گیا تو یہ میرے لئے کافی حیران کن ثابت ہوا۔

اور یہ بھی سمجھ میں آیا کہ پاکستان کرکٹ میں دراصل ہو کیا رہاہے۔اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ خرم منظور کی سلیکشن نے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے بھی کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے کہ بہت سا ایسا ٹیلنٹ جو پی ایس ایل میں کھیلنے کا مستحق تھا اسے کھیلے کا موقع نہیں ملا۔افتخار احمد کی مثال بھی سلیکشن کمیٹی کی ناکامی کو واضح کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :