اسلام آباد ہائی کورٹ دارالحکومت میں میئر اور ڈپٹی میئرز کے علیحدہ انتخابات کرانے سے متعلق در خواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان ، الیکشن کمیشن کو دوبارہ نوٹس جاری

بدھ 17 فروری 2016 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں میئر اور ڈپٹی میئرز کے علیحدہ انتخابات کرانے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان ، الیکشن کمیشن ، سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری قانون سمیت دیگر تمام فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزر کے وکیل حیدر مسعود عدالت کے روبرو پیش ہوئے عدالت میں مخالفین کی عدم حاضری پر دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے ۔

آئندہ سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئرز کا مشترکہ انتخاب خلاف آئین ہے جو پاکستان تحریک انصاف اور شہریوں کے لئے گہری تشویش کا باعث ہے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کی دفعہ(1)(1 ) 12 اور(3 ) 12 میں مشترکہ امیدواروں کی گنجائش جمہوری اقدار کے خلاف ہے ۔