وزیراعظم ہاؤس میں نیب میں پائی جانے خامیوں کو دور کرنے اور اس میں ادارے کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر غور،نیب پر نظر رکھنے کیلئے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں خصوصی کمیشن کے قیام کا فیصلہ

سیاسی شخصیات کی گرفتاری سے قبل نیب کو خصوصی کمیشن سے اجازت لینا ہو گی، سیاسی شخص کی گرفتاری کیلئے نیب کو کمیشن کے سامنے ثبوت اور تفصیلات رکھنا ہوں گی اور کمیشن شواہد کی روشنی میں کارروائی کا فیصلہ کرے گا، ذرائع

بدھ 17 فروری 2016 18:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) وزیراعظم ہاؤس میں قومی احتساب بیورو ( نیب) میں خامیوں کو دور کرنے اور اس میں مزید بہتری کے لئے مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا گیا۔نیب پر نظر رکھنے کیلئے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں خصوصی کمیشن کے قیام کا فیصلہ کرلیاگیا۔ بدھ کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں نیب کے ادارے میں اندرونی طور پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال سمیت پائی جانے والی تمام خامیوں پر قابو کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے تجویز دی گئی ہے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں خصوصی کمیشن قائم کیا جائے جو کہ نیب پر نظر رکھے گا۔

رپورٹ کے مطابق سیاسی شخصیات کی گرفتاری سے قبل نیب کو خصوصی کمیشن سے اجازت لینا ہو گی، سیاسی شخص کی گرفتاری کیلئے نیب کو کمیشن کے سامنے ثبوت اور تفصیلات رکھنا ہوں گی اور کمیشن شواہد کی روشنی میں کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کمیشن کے قیام کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے اہم اقدامات کی توقع ہے۔ بعض ذرائع کاکہناہے کہ نیب کے حوالے سے قوانین میں ترامیم لائی جارہی ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہاہے کہ حکومت نے نیب کے حوالے سے ترمیم لانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :