لاہور، 12 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں واپڈا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی

بدھ 17 فروری 2016 19:34

لاہور، 12 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں واپڈا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) 12 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں نے پاکستان کی جانب سے جیتے جانے والے 106 میڈلز میں سے 44 فی صد میڈلز حاصل کئے ۔ جس کے نتیجے میں پاکستان کو سیف گیمز میں تیسری پوزیشن حاصل ہوئی ۔جبکہ پچھلے سیف گیمز میں پاکستان کی پوزیشن چوتھے نمبر پر تھی ۔تفصیلات کے مطابق واپڈا کھلاڑیوں نے طلائی کے 12 میڈلز میں سے5، نقرئی کے 37 میڈلز میں سے 19 اور کانسی کے 57میڈلز میں سے 21 میڈلزحاصل کئے ۔

علاوہ ازیں واپڈا سپورٹس بورڈ کے کھلاڑیوں میں 66 مرد اور 41 خواتین نے بھی سیف گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے 26 فی صد آفیشلز نے بھی سیف گیمز میں اپنی خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

واپڈا کے کھلاڑیوں میں گیپکو ، لیسکو ، میپکو ، فیسکو ، کیسکو، پیسکواور این ٹی ڈی سی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا ۔

چیئرمین واپڈا نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو واپڈا سپورٹس پالیسی کے تحت پروموشن اور کیش ایوارڈز دیئے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کیحوصلہ افزائی ہو اور وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنا سکیں ۔واپڈا سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو نہ صرف روز گار کے مواقع مستقل بنیادوں پرفراہم کر رہا ہے بلکہ سپورٹس کمپلیکس فیروز پور روڈ لاہور میں کوچنگ ، ٹریننگ اور پریکٹس کی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے جس میں بین الاقوامی معیار کا سوئمنگ پول قابلِ ذکر ہے ۔

واپڈا سپورٹس بورڈ میں تقریباً ایک ہزار 870 مرد اور خواتین مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے واپڈا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ملک میں کھلاڑیوں کو روزگار مہیا کرنے والا سب سے بڑا سول ادارہ ہے ۔ علاوہ ازیں واپڈا سپورٹس بورڈ ماہانہ بنیاد پر کھلاڑیوں کو وظائف بھی دے رہا ہے ۔ وظائف حاصل کرنے والوں میں نوجوان طلباء اور طالبات دونوں شامل ہیں ۔

اس ضمن میں دو سکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں ہیں جن میں واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ اور اتھلیٹکس کولٹس قابلِ ذکر ہیں۔اسی طرح واپڈا سپورٹس بورڈ نے فٹنس اور فیلڈنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ T-12 سکول کرکٹ ٹورنامنٹ فارمیٹ کو بھی متعارف کرایا ہے ۔جس کا افتتاح گزشتہ دنوں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیااور اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ برائے بین الصوبائی ہم آہنگی نے خصوصی طور پر سراہا۔

چیئرمین واپڈا نے مزید کہا کہ اگر دوسرے محکمے بھی کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترویج کے لئے اپنی معاشرتی ذمہ داری کا احساس کریں تو بین الاقوامی مقابلوں میں اچھے نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔اس مقصد کے لئے واپڈا سپورٹس بورڈ کا ارادہ ہے کہ وفاقی وزارت ِ کھیل اور پاکستان سپورٹس بورڈسے درخواست کی جائے کہ حالیہ سیف گیمز کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے منصوبہ بندی کریں ۔

متعلقہ عنوان :