گیس ٹینکر حادثہ :16سالہ شیزہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گئی‘ حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 18ہوگئی۔

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 17 فروری 2016 20:00

گیس ٹینکر حادثہ :16سالہ شیزہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گئی‘ ..

ننکانہ صاحب(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی پی اے۔17فروری۔2016ء) گیس ٹینکر حادثہ میں زخمی ہونے والی 16سالہ شیزہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گئی، حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 18ہوگئی جبکہ ایک ہی گاؤں محمودپورہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 11ہوگئی ہے جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چھ روز قبل ننکانہ مانانوالہ روڈ پر گاؤں کوٹ وار کے قریب ایل پی جی گیس ٹینکر اور کار کے تصادم کے افسوسناک واقعہ میں 10افراد موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جن میں سے ننکانہ صاحب کے گاؤں محمود پورہ کے رہائشی 9افراد شامل تھے اور ان میں سے ایک ہی گھر کے پانچ افراد بھی تھے جبکہ 25سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے تھے گزشتہ روز گاؤں محمود پورہ کی رہائشی نویں جماعت کی طالبہ 16سالہ شیزہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں اپنی زندگی کی بازی ہار گئی مرحومہ کی نمازجنازہ ان کے آبائی گاؤں محمود پورہ میں ادا کردی گئی ہے جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی مرحومہ کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا، پورا گاؤں سوگ کی حالت میں ہے ہر آنکھ اشکبار ہے ، گاؤں کے افسردہ لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اتنا بڑا سانحہ ہونے کے باوجود بھی وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ان کے گاؤں تعزیت کرنے نہیں آئے حالانکہ ان کو پہلے روز ہی جنازہ میں شرکت کرنی چاہیے تھی انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کے باوجود ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب میں تاحال برن یونٹ، ڈاکٹروں کی کمی اور دیگر سہولتوں کے فقدان پر کوئی بھی کام شروع نہیں کیا گیا جو کہ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں چھ روزقبل ایل پی جی گیس ٹینکر حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 18افراد میں گاؤں محمود پورہ کے ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت 11افراد جن میں 5سالہ ولید، 6سالہ حمزہ، 18سالہ زنیرہ، 26سالہ شگفتہ، 30سالہ شازیہ، 8سالہ منیب، 6سالہ حسیب، 8سالہ فیضان، 16سالہ شیزہ، 20سالہ انعم لطیف اور رکشہ ڈرائیور محمد حماد شامل ہیں جبکہ دیگر جاں بحق ہونے والوں میں سے چار کا تعلق خانقاں ڈوگراں اور گاؤں سالار بھٹیاں سے ہے ان میں صحافی امجد علی، آمنہ بی بی، محمدعلی اور عنصر شامل ہیں ان کے علاوہ جڑانوالہ کے گاؤں 27چک کے غلام محمد، گاؤں کوٹ وار (مانانوالہ) کے محمد افضل، واڑہ بلولیاں(مانانوالہ) کی صفیہ بی بی شامل ہیں۔

حادثہ میں زخمی ہونے والے مزید افراد کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بیان کی جارہی ہے ڈاکٹروں کے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :