روسی فٹبال کھلاڑی نے پیوٹن کی تصویر والی بنیان دکھا کر ترک عوام کو مشتعل کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 فروری 2016 21:20

روسی فٹبال کھلاڑی نے پیوٹن کی تصویر والی بنیان دکھا کر ترک عوام کو مشتعل ..

استنبول(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار17فروری- 2016ء) یورپا کپ کے سلسلے میں ترکی کے شہر استنبول میں کھیلے جانے والے ایک فٹبال میچ میں روسی کلب لوکو موٹیو کے ایک کھلاڑی نے میچ کے اختتام پر اپنی شرٹ اتار کر بنیان پر موجود روسی صدر پیوٹن کی تصویر دکھا کر سٹیڈیم میں موجود ہوم کراؤڈ کو اشتعال دلا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ترک فٹبال کلب فینربیس اور لوکوموٹیو کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ممالک کے مابین جاری سیاسی کشیدگی اس وقت عروج پر نظر آئی جب لوکوموٹیو کے مڈ فیلڈر دمتری تراسوو نے میچ کے اختتام پر اپنی شرٹ اتار کر نیچے پہنی بنیا ن پر موجود روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی تصویر دکھائی جس کے نیچے ”مہذب ترین صدر “ کے الفاظ لکھے تھے۔

دمتری کی اس حرکت کے بعد مشتعل ترک شائقین نے روسی کھلاڑیوں کی بس پر پتھراؤ کیا جبکہ ترک اخبارات نے بھی انکی اس حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دمتری تراسوو نے اپنی مذکورہ حرکت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف یہ بتانا چاہتے تھے کہ وہ ایک محب وطن آدمی ہیں اور پیوٹن انکے ملک کے صدر ہیں۔ دمتری کی اس حرکت کے بعد توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ فیفا کی جانب سے ان پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے کیوں کہ فیفا قوانین کے تحت کھلاڑیوں پر میدان میں کسی قسم کے سیاسی عمل یا اس کے رد عمل کا مظاہرہ کرنے پر پابندی عائد ہے ۔ میچ میں فینر بیس نے 2-0سے کامیابی حاصل کی تھی ،دونوں ٹیمیں 25فروری کو ایک بار پھر روس کے دارلحکومت ماسکو میں آمنے سامنے آئیں گی۔