پاکستان سپر لیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف سے باہر کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 فروری 2016 00:29

پاکستان سپر لیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست ..

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار17فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرزکو5وکٹوں سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ سے باہر کردیا ۔ دبئی میں جاری میچ میں لاہور قلندر نے بلے بازی شروع کی تو اس کی پہلی 3وکٹیں محض 6رنز کے سکور پر گر گئیں ، کپتان اظہر علی اور ڈیلپورٹ 1،1جبکہ محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے ۔

اس موقع پر صہیب مقصود نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 80 گیندوں پر 97رنز کی شراکت داری قائم کی ، صہیب مقصود 57رنز بنا کر پوویلین لوٹے جس کے بعد عمر اکمل نے ڈوین براوو کے ساتھ ملکر لاہور کا سکور 150رنز تک پہنچا دیا ،عمر اکمل 49گیندوں پر 5چوکوں اور 3چھکوں کی مددسے 72رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔اسلام آباد کی جانب سے محمد عرفان نے 3جبکہ رومان رئیس نے 1وکٹ حاصل کی ۔

(جاری ہے)

151رنز کے تعاقب میں اسلام آباد کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں رہا اور 24کے مجموعی سکور پر اوپنرز پوویلین لوٹ گئے تھے تاہم اس موقع پر بریڈ ہیڈن نے خالد لطیف کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 69رنز کا اضافہ کیا ، خالد لطیف 25رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ بریڈ ہیڈن بھی 54رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے ۔ اظہر محمود اور مصباح الحق نے اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایک اوور پہلے ہی اسلام آباد کو فتح دلوا دی ۔

مصباح 38جبکہ اظہر محمود 12رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔لاہو ر قلندر کی جانب سے ضیاء الحق نے 2اور احسان عادل نے 1شکار کیا ۔ اس شکست کیساتھ ہی لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن کے پلے آف راؤنڈ سے باہر ہوگئی ہے او ر کراچی کنگز لاہور کیخلاف اپنے دونوں میچز میں کامیاب رہنے کے باعث پلے آف میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کریگی ۔