فٹبال میچ کے دوران پوٹن کی تصویر شرٹ پرروسی فٹبالر کے خلاف کارروائی

جمعرات 18 فروری 2016 12:22

فٹبال میچ کے دوران پوٹن کی تصویر شرٹ پرروسی فٹبالر کے خلاف کارروائی

(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء)یورپ میں فٹبال کی تنظیم یوئیفا نے روسی فٹبال کھلاڑی کو صدر پوٹن کی تصویر والی بنیان دکھانے پر کھیل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ترکی کے شہر استنبول میں کھیلے جانے والے ایک میچ کے بعد ایک روسی فٹبالر دمتری تاراسوف نے اپنی قمیض اْتار کر نیچے زیبِ تن صدر پوتن کی تصویر والی بنیان دِکھا کر ترک شائقین کو اشتعال دلایا تھا۔

لوکوموتو ماسکو کے مِڈ فیلڈر دمتری تاراسوف کے بنیان پر روسی صدر پوٹن کی نیوی کی ٹوپی والی تصویر بنی ہوئی تھی، اور اْس کے ساتھ ’سب سے مہذب صدر‘ بھی تحریر تھا۔یورپی فٹ بال ریگولیٹری اداریوئیفا 17 مارچ کو اس معاملے کی سماعت کرے گی اور ممکنہ طور پر دمتری تاراسوف کو پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کو میچ کے دوران کسی بھی طرح کے سیاسی بیان یا کسی سیاسی نظریات سے وابستگی نہیں دکھانی چاہیے۔

(جاری ہے)

سیاست سے بھر پور یوروپا لیگ کا یہ مقابلہ نومبر میں ترکی کی جانب سے روسی طیارے کو مار گرانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سب سے بڑا مقابلہ تھا۔واضح رہے کہ ترکی کی جانب سے روسی طیارے کو سرحدی خلاف ورزی کا دعویٰ کرتے ہوئے مار گرانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔