قومی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلئے 26 فروری کو سری لنکا روانہ ہوگی

جمعرات 18 فروری 2016 12:50

قومی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلئے 26 فروری کو سری لنکا روانہ ہوگی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء)قومی ٹیم چین کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلئے 26 فروری کو سری لنکا روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق چین کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی آئندہ ماہ 4 سے 6 مارچ تک سری لنکا میں کھیلی جائیگی جس میں اعصام الحق ، عقیل خان ، محمد عابد مشتاق اور یاسر خان پاکستان نمائندگی کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹائی سے قبل قومی ٹیم ایک ہفتہ تک سری لنکا میں تربیت کرے گی اور اسے وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ ڈیوس کپ ٹائی کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ چند روز تک اسلام آباد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سخت مقابلوں کی توقع ہے کیونکہ چین کی ٹیم میں انٹرنیشنل سطح کے نامور کھلاڑی شامل ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی چین کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کر ے گی۔