شہرقائد میں انسانی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 70فیصدتک اضافہ، قیمتوں میں اضافہ کے باعث مارکیٹ میں کئی ادویات ناپید ہوگئی ہیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے مہنگی ادویات سستی کرنے کا مطالبہ کردیا۔۔سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے،سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ان کے خلاف ایکشن نہیں ہوسکتا۔ وفاقی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 فروری 2016 16:10

شہرقائد میں انسانی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 70فیصدتک اضافہ، ..

کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری۔2016ء) شہرقائد کراچی میں انسانی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 50سے 70فیصدتک اضافہ ہوگیا ہے ۔ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث مارکیٹ میں کئی ادویات ناپید جبکہ بہت ساری ادویات عوام کی دسترس سے ہی دور ہوگئی ہیں۔ میڈیکل سٹوروں پر مختلف جان لیوا بیماریوں کے خلاف استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافہ قرار دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے ان میں شوگر، کینسر،ایڈز و دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ 60فیصد، کھانسی ،نزلہ زکام،بخار اور مختلف ڈراپس کی قیمتوں میں اضافہ 65فیصدجبکہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ 50فیصد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں ادویات کی قیمتوں میں پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں جان بچانے والی کوئی دوا ایسی نہیں جس کا متبادل موجود نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے،ادویات کے 11کیسزابھی بھی سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہیں،سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ان کے خلاف ایکشن نہیں ہوسکتا۔دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے مہنگی ادویات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں ادویات غریب عوام کی دسترس سے دور ہوگئی ہیں حکومت کو فوری ایکشن لینا چاہیے.