پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ کے لئے متحرک سفارت کاری کی ضرورت ہے، صدر مملکت ممنون حسین

جمعرات 18 فروری 2016 17:34

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ کے لئے متحرک سفارت کاری کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے روسی فیڈریشن کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر قاضی خلیل الله سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے قاضی خلیل الله کو روس میں بطور سفیر نامزدگی پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو روسی فیڈریشن اور اس خطے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

ماضی میں اسٹیل مل جیسا اہم منصوبہ روس کے تعاون سے مکمل کیا گیا اب اس طرح کے دوطرفہ تعاون کی پھر ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ روس پا کستان میں توانائی کے شعبے میں دو بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جو خوش آئند ہے لیکن اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان روابط اور باہمی دوروں کی ضرورت ہے، اس معاملے میں بھی نامزد سفیر اپنا کردار ادا کریں۔