نیوزی لینڈ دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سوئپ کرینگے، سٹیو سمتھ

جمعرات 18 فروری 2016 17:41

نیوزی لینڈ دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سوئپ کرینگے، سٹیو ..

کرائسٹ چرچ ۔ 18 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 فروری۔2016ء) آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر سٹیون سمتھ نے کہا ہے کہ انکی ٹیم نیوزی لینڈ کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی شکست دیکر سیریز میں کلین سوئپ کریگی۔ آسٹریلوی ٹیم نے کیویز کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 52 رنز سے شکست دیکر پہلے ہی 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ (کل) ہفتہ سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہو گا۔ سٹیون سمتھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد انکی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور کیویز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انکی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے نہ صرف سیریز جیتنے بلکہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی خواہاں ہے تاہم کینگروز ٹیم کے قائد نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لئے پوری ٹیم کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سر توڑ کوشش کرنا ہوگی۔