گزشتہ چھ سالوں کے دوران پاکستان پوسٹ نے کوئی منافع نہیں کمایا گزشتہ مالی سال میں پاکستان پوسٹ کوچھ ارب 33کروڑ سے زائد کانقصان ہوا ہے چین پاکستان راہداری منصوبوں سے ملک کے دوردراز کے علاقے مستفید ہونگے ،گزشتہ دوسالوں کے دوران وزارت انسانی حقوق کوانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے کل 1105مقدمات موصول ہوئے ،اس وقت ملک میں موجود پٹرول پمپوں کی کل تعداد7560ہے جبکہ اوگرا نے ملک بھرمیں3586سی این جی سٹیشنز کومارکیٹنگ لائسنس دیاہے ،لواری ٹنل پراب تک 14.5ارب روپے کی رقم خرچ ہوچکی ہے یہ منصوبہ جون2017ء میں مکمل ہوگا،قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کاجواب

جمعرات 18 فروری 2016 17:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کو بتایاگیاہے کہ گزشتہ چھ سالوں کے دوران پاکستان پوسٹ نے کوئی منافع نہیں کمایا گزشتہ مالی سال میں پاکستان پوسٹ کوچھ ارب 33کروڑ سے زائد کانقصان ہوا ہے چین پاکستان راہداری منصوبوں سے ملک کے دوردراز کے علاقے مستفید ہونگے ،گزشتہ دوسالوں کے دوران وزارت انسانی حقوق کوانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے کل 1105مقدمات موصول ہوئے ،اس وقت ملک میں موجود پٹرول پمپوں کی کل تعداد7560ہے جبکہ اوگرا نے ملک بھرمیں3586سی این جی سٹیشنز کومارکیٹنگ لائسنس دیاہے ،لواری ٹنل پراب تک 14.5ارب روپے کی رقم خرچ ہوچکی ہے یہ منصوبہ جون2017ء میں مکمل ہوگا۔

جمعرات کو وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ این ایچ اے نے پاکستانی سرحد سے تاجکستان 118کلومیٹر تک درہ پاس کے ذریعے گزرنے والے واخان بارڈرپرغورکیاہے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی جانب سے پاکستان کے حصے کاماقبل قابل عمل جائزہ لیاجارہاہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ موٹروے پولیس کے چالان صرف بنکوں میں جمع ہورہے ہیں پاکستان پوسٹ آفس میں نہیں۔

شمس النساء کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے بتایاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مشرقی اورمغربی روٹوں پرکام جاری ہے ۔ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عام انتخابات کو آزادانہ ،منصفانہ بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کمیٹی اپناکام کررہی ہے پاکستان کے تمام شہریوں سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنی تجاویز دیں آئندہ انتخابات سے قبل تمام اصلاحات مکمل ہوجائیں گی تاکہ 2018ء کے انتخابات پرکوئی انگلی نہ اٹھاسکے اس پرتحریک انصاف کی ڈاکٹرنگہت شکیل نے کہاکہ انتخابی اصلاحات ہونا ضروری ہیں ورنہ ایک اوردھرنے کیلئے تیارہوجائیں ۔

وفاقی وزیر زاہدحامد نے کہاکہ پی ٹی آئی کے تین ارکان سب کمیٹی میں شامل ہیں کمیٹی کی اب تک 51میٹنگز ہوچکی ہیں سات قوانین پراتفاق رائے ہوچکا ہے سب کمیٹی میں تمام اصلاحات پرمکمل اتفاق رائے ہے اور مرکزی کمیٹی میں بھی تمام سفارشات اتفاق رائے سے ہونگی یہ کام2018ء سے پہلے مکمل ہوجائیگا۔ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم وقدرتی وسائل شہزادی عمرزادی پیوانہ نے کہاکہ ایران پر پابندیوں کی وجہ سے کام شروع نہ ہوسکاپاکستان اور روس کے درمیان 30ستمبر2015ء کو نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن بچھانے سے ایک معاہدے پردستخط ہوئے ہیں یہ کراچی سے لاہور تک 11سوکلومیٹرلمبی لائن ہے جس کی لاگت کاتخمینہ گیارہ ملین روپے ہے قطر سے آنیوالی گیس ایران سے سستی ہوگی ہم نے قطر اورایران دونوں سے گیس لینی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت آفتاب شیخ نے کہاکہ ٹول پلازوں کی آمدن ملک بھرمیں سڑکوں کی مرمت پرخرچ کی جاتی ہے لاہوراسلام آباد موٹروے کے حوالے ایف ڈبلیو اے سے معاہدہ ہوا ہے وہ ٹول پلازوں سے رقم وصول کرکے موٹروے پرخرچ کررہی ہے اور کچھ رقم این ایچ اے کو بھی دیگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پوسٹ آفسز خسارے میں جارہے ہیں تنخواہوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے پوسٹ آفس کی آمدن بڑھانے کیلئے کچھ پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں جن میں موبائل کے ذریعے رقوم کی منتقلی اوردیگر اقدامات شامل ہیں۔

اس پرڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ نجکاری کمیشن کی نظر پوسٹ آفس پرنہیں پڑی جس کی ملک بھرمیں اربوں روپے کی جائیدادیں ہیں اب خط کازمانہ نہیں رہا پاکستان پوسٹ آفس گڈزکودوسرے شہروں میں پہنچانے کیلئے اقدامات کرے جس پروزیرمملکت نے کہاکہ موبائل منی ٹرانسفراورلاجسٹک کمپنی کے طور پر بھی کام کرنے کاجائزہ لیاجارہاہے ملک بھرمیں اس کی بہت قیمتی پراپرٹی ہے ۔

ڈپٹی سپیکرنے کہاکہ ایک رنر کی تنخواہ 1200روپے مہینہ ہے اس کو دیکھاجائے جس پر وزیرمملکت نے کہاکہ رنرز کو پارٹ ٹائم نوکری دی جاتی ہے یہ لوگ عموماً مساجد کے امام اوردفاترمیں کام کرنیوالے دفتری ہوتے ہیں جو اپنے کام کے بعد اپنے علاقوں میں ڈاک تقسیم کرتے ہیں ڈپٹی سپیکرنے ہدایت کی کہ رنر کی تنخواہ میں اضافہ کیاجائے اتنی تنخواہ ہونی چاہیے کہ وہ اپناگزارا کرسکیں ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے بتایا کہ موٹر وے پولیس کے پاس فرسٹ ایڈکی سہولت موجود ہے او ر کسی بھی واقعہ کی صورت میں فوری قریبی ہسپتال میں مریض کو پہنچایاجاتاہے ۔

مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے بتایا کہ گزشتہ مردم شماری کے مطابق الیکشن کمیشن پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 51 (3 ) کے تحت حلقہ بندیوں کاذمہ دارہے تاہم قومی وصوبائی اسمبلیوں کی حد بندی کرنے کی کوئی تجویز ای سی پی کے زیرغورنہیں ہے نئی مردم شماری کی صورت میں اگر کوئی ضرورت محسوس ہوئی تو نئی حدبندی کی جائے گی ہم نے مردم شماری کرنی ہے اور یہ کام ایک سال کے اندرمکمل کرناہے سپیکرنے اس سوال کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

ساجداحمد کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ لاہورعبدالحکیم اورپشاورکراچی موٹروے کے معاہدے پردستخط کئے گئے ہیں ٹھیکیدار پہلے ہی اس سائٹ پرمتحرک ہیں اوراس ضمن میں تعمیرجلدمتوقع ہے ۔نعیمہ کشورخان کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایاگیا کہ لواری ٹنل پرکام 19ستمبر2005ء کو شروع کیاگیااس پراب تک 14.5ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں اورتکمیل کی متوقع تاریخ جون2017ء ہے خالدہ منصورکے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایاگیاکہ سی پیک منصوبے کے تحت ملک بھرمیں سڑکوں کی تعمیرہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں ایوان کوبتایاگیا کہ گزشتہ دوسالوں کے دوران وزارت حقوق انسانی کو موصول ہونیوالے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات کی کل تعداد1105 ہے ۔