صدر آزاد کشمیر سے سردار قمر الزمان کی ملاقات ،صحت عامہ کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 18 فروری 2016 18:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے وزیر صحت عامہ اور اے کے ایم آئی ڈی سی سردار قمر الزمان کی ملاقات ، یونین کونسل پکھر میں آر ایچ سی کے قیام ، وہاں فرنیچر ادویات کی فراہمی اور عملے کی تعیناتی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ، اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر حافظ محمد صغیر احمد بھی موجود تھے ۔

حافظ محمد صغیر احمد نے وزیر صحت عامہ کو بتایا کہ پکھر کے مقام پر آر ایچ سی کا قیام اشد ضروری ہے ۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو عباسپور علی سوجل راولاکوٹ روڈ کے ذریعے سی ایم ایچ لایا جاتا ہے ۔ راستے میں کسی زخمی کی حالت خراب ہونے کی صورت میں اسے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے آر ایچ سی کا پکھر میں قیام بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حلقہ نمبر 3 کی سب سے بڑی یونین کونسل میں کوئی آر ایچ سی نہیں جس کی وجہ سے پکھر کی بڑی آبادی صحت کی سہولیات سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام علاقہ نے اس مقصد کے لیے بلامعاوضہ دو وسیع و عریض پختہ گھر وقف کر رکھے ہیں۔ ابتدائی طور پر وہاں کام شروع ہو گا۔ انہوں نے وزیر صحت کو آگاہ کیا کہ فرنیچر ، بیڈ ، الماریاں ، ادویات اور دیگر سامان ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر سردار محمود نے فراہم کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آر ایچ سی کی عمارت کی تعمیر کے لیے بھی ایک مخیر شخص نے ملکیتی زمین وقف کر دی ہے ۔ عمارت کی تعمیر کے لیے محکمہ صحت نقشہ اور پی سی ون جلد از جلد تیار کر کے فراہم کرے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میں 25 فروری کے بعد موسم جیسے ہی بہتر ہو گا خود آر ایچ سی پکھر کا افتتاح کروں گا۔ اس لیے اس وقت تک محکمہ صحت کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔ وزیر صحت عامہ نے یقین دلایا کہ پکھر میں آر ایچ سی کی تمام ضروریات ہر صورت پوری کی جائیں گی ۔ ادویات ، فرنیچر اور عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جا چکی ہے ۔ افتتاح کے دن سے ہی آر ایچ سی کا شروع کر دے گا۔ ۔

متعلقہ عنوان :