کرپٹ اور بدیانت حکومتی مشینری نے ریاستی اداروں کو مفلوج کردیا ، میاں محمد اسلم

اقتدار پر مسلط چند کرپٹ لوگ ملک میں اپنی مرضی کا قانون چاہتے ہیں،کرپشن کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کرکے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مر کزی تر بیت گاہ کے شر کا ء سے خطاب

جمعرات 18 فروری 2016 19:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ کرپٹ اور بدیانت حکومتی مشینری نے ریاستی اداروں کو مفلوج کردیا ہے ۔احتساب کے ادارے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ،اخلاقی اور مالی کرپشن ناسور کی طرح اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے ،اقتدار پر مسلط چند کرپٹ لوگ ملک میں اپنی مرضی کا قانون چاہتے ہیں ۔

ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور دیانت دار قیادت کے انتخاب کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کار کنان کی پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حا فظ محمد ادریس نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

میاں محمد اسلم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بے روز گاری ،تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جو گزشتہ 70سال سے ملکی اقتدار پر قابض ہیں ،انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی محرومیوں اور مجبوریوں کے ذمہ دار حکمران اپنی ذات سے آگے دیکھنے کی اہلیت نہیں رکھتے ۔

عوام کھانے کے ایک ایک لقمے کو ترس رہے ہیں ،ہسپتالوں میں مریضوں کو دوائی ملتی ہے نہ بیمار وں کو بیڈ میسر ہیں ،سکولوں میں بچوں پر ایک خوف مسلط ہے ،امن و امان کی مخدوش صورتحال سے عوام پریشان ہیں ،عام آدمی کو جان و مال اور عزت کا تحفظ حاصل نہیں جبکہ حکمران اپنے بندوں کو نیب سے بچانے میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاجماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کرکے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے ، جب ملک بھر کے لاکھوں عوام کرپشن اور بدیانتی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے تو کرپشن کے ناسور سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی۔

میاں محمد اسلم نے کہا میگا کرپشن کے پیچھے کوئی غریب نہیں بلکہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے وہ کرپٹ اور بدیانت حکمران نہیں جو خود کو کسی ادارے اور عوام کے سامنے جواب دہ نہیں سمجھتے ، حکمران اگر بیرونی بنکوں میں پڑی اپنی دولت ملک میں لے آئیں تو عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں مفت مہیا کی جاسکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مصیبتوں اور پریشانیوں کا حل مخلص اوردیانتدارقیادت کے انتخاب میں ہے ۔