وفاقی پولیس نے اندھے قتل کاسراغ لگالیا،خاتون سمیت دو کرائے کے قاتل گرفتار

جمعرات 18 فروری 2016 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) اسلام آباد تھانہ بھارہ کہو پولیس نے اندھے قتل کے مقدمہ کو ٹریس کر لیا وقوعہ میں ملوث کرائے کے دو قاتلوں کو خاتون سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔ملزمان نے اقرار جرم کر لیا ہے مزید تفتیش جاری ہے ۔ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مورخہ16/17/01.2016 کی درمیانی رات کو نامعلوم ملزمان نے تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ مرکزی صحت بھارہ کہو اسلام آباد کے چوکیدار محمد ارشد کو قتل کر دیا تھا اور اس کی نعش غسل خانہ میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے ۔

مقامی پولیس نے مقتول کے بھائی سمارت خان ساکن تاندلہ بھارہ کہو اسلام آباد کی تحریری درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لائی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے مقدمہ کی سنگین نوعیت کے پیش نظر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک ایس پی سٹی رضوان عمر گوندل کو دیا جنہوں نے ڈی ایس پی بھارہ کہو کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو انسپکٹر حق نواز رانجھا ،سب انسپکٹر ارشد علی و دیگر ملازمان پر مشتمل ٹیمی تشکیل دی ۔

پولیس ٹیم نے تمام تر وسائل استعمال کر کے وقوعہ میں ملوث ملزمان کو ٹریس کیا اور اس میں ملوث دو کرائے کے قاتلوں کو خاتون سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔ملزمان میں ابرار حسین سکنہ ضلع سیالکوٹ ،طارق حسین سکنہ ضلع کامونکی اور ایک خاتون زینہ بی بی عرف زینت سکنہ ضلع گوجرانوالہ شامل ہیں ۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے خاوند کی پنشن کی رقم حاصل کرنا چاہتی تھی جس کے لئے اس نے اجرتی قاتلوں کو ساتھ ملا کر قتل کیا ہے ملزمان نے اقرار جرم کر لیا ہے مزید تفتیش جاری ہے ۔ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے پولیس ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا ہے اور پولیس کو ہدایت کی وہ مقدمہ کو میرٹ پر یکسو کرے۔

متعلقہ عنوان :