برطانوی کرکٹ پرلگے بدنما داغ مارون ویسٹ فیلڈ کے سارے گنا ہ معاف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 فروری 2016 11:57

برطانوی کرکٹ پرلگے بدنما داغ مارون ویسٹ فیلڈ کے سارے گنا ہ معاف

لندن(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار19فروری- 2016ء) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستانی لیگ سپنر دانش کنیریا پر سپاٹ فکسنگ کا الزام لگانیوالے سزا یافتہ فاسٹ باوٴلر مارون ویسٹ فیلڈ سے ’خصوصی تعاون ‘کرتے ہوئے ان کے سارے گنا ہ معاف کرکے پابندی ختم ہونے سے ایک سال قبل ہی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ فیلڈ کو ڈرہم کے خلاف 2009 ء میں لسٹ اے میچ میں 6 ہزار پاوٴنڈ کے عوض ایک اوور میں 12 سے زیادہ رنز دینے کے اعتراف پر 2012 ء میں 8 ہفتے قید اور 5 سال پابندی کی سزا دی گئی تھی،اسی کیس میں ایسکس اور پاکستان کے لیگ سپنر دانش کنیریا پر بھی تاحیات پابندی عائد کی گئی ۔

انہوں نے 4ماہ کی جیل کاٹی اور ابھی ان کے کرکٹ کھیلنے پر 1سال کی پابندی باقب تھی تاہم ای سی بی نے اینٹی کرپشن پروگرام کاحصہ رہنے پر ویسٹ فیلڈ سے خصوصی تعاون کرتے ہوئے انہیں کاؤنٹی کرکٹ کی دوسرے درجے کی ٹیموں یا ایک سال تک چھوٹے کلبوں کی نمائندگی کی اجازت دے دی تاہم وہ پابندی کا آخری سال مکمل ہونے تک فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ویسٹ فیلڈ نے فکسنگ کے لیے 6000پاؤنڈ لینے کا اعتراف کیا تھا تاہم انگلش کرکٹ بورڈ نے انہیں سزا میں رعایت کا لالچ دے کر پاکستان کے کامیاب ترین لیگ سپنر دانش کنیریا کیخلاف گواہی کے لیے راضی کیا اور پھر ان کی گواہی پر لیگ سپنر پر تاحیات پابندی عائد کردی، انہیں ایک سال قبل ہی کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کی اجازت دینا بھی اسی سلسلے کی کڑی معلوم ہوتا ہے ۔دوسری جانب دنیش کنیریا ہر طرف اپنی بے گناہی کی دہائیاں دیتے پھر رہے ہیں لیکن پی سی بی اور ای سی بی ان کی بات سننے کو تیار نہیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :