وزیراعظم نواز شریف کا اسلام آباد کے سکولوں میں تعمیری نقائص کو فوری طور پردور کرنے کا حکم

جمعہ 19 فروری 2016 14:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے سکولوں میں تعمیری نقائص کو فوری طور پردور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے کی طرف سے سکولوں میں غیر معیاری تعمیر قابل قبول نہیں،معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے اقدامات سب کی ذمہ داری ہے،سکولوں کی عمارتوں کی نگہداشت کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے، حکومت نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے، پاکستان سے دہشت گردی ختم ہو گئی، اب عوام کی زندگیاں محفوظ ہیں، اگلے دو سالوں میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی سمیت بیشتر مسائل پر قابو پالیا جائے گا،یقین ہے کہ پاکستان پرامن اور خوشحال بنے گا، تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے، تعلیم اور صحت پروگرام کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو اذان خان شہید ماڈل سکول ایف ایٹ تھری میں جدید سہولتوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول سے کیا گیا۔ تقریب کے آغاز پر بچوں نے قومی ترانہ بھی پیش کیا۔ تقریب کے دوران ”سکول پہلے اور آداب“ دستاویزی فلم دکھائی گئی،سکولوں میں مونٹیسوری کلاسز کا اجراء وزیراعظم نواز شریف کا عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے۔

قبل ازیں سکول پہنچنے پر اسلام آباد کے پہلے نو منتخب میئر شیخ انصر عزیز نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید،وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان،وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف،وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی،رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید، مریم اورنگزیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اذان خان شہید ماڈل سکول اسلام آباد کا پہلا سکول ہے جہاں مونٹیسوری کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے، اس سے پہلے بچوں کو مونٹیسوری کلاسز کی سہولیات صرف نجی اداروں میں میسر تھی،ایف ٹین، ایف سیون، سوہان اور کھنہ ڈاک کے سرکاری سکولوں میں بھی مونٹیسوری کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے،وزیراعظم نواز شریف کے ایجنڈے میں سرفہرست تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کیلئے دوسرے مرحلے میں اسلام آباد کے مزید 21سکولوں کی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، سکولوں میں جدید ترین سائنس لیبارٹریز، انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹرز، لائبریریاں، ہالز، سکولوں کی آرائش اور واش رومز کی از سرنو تعمیر کے ساتھ ساتھ کلاس رومز میں نیا فرنیچر بھی فراہم کیا گیا، منصوبے کے تحت 200سکولوں کو 6ماہ میں جبکہ باقی 200سکولوں کو آئندہ 6ماہ میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس دوران وزیراعظم نواز شریف نے سکول کے مختلف حصوں ،لائبریری اور کلاس رومز کا دورہ کر کے بچوں سے بات چیت کی اور ان سے جنرل نالج کے مختلف قسم کے سوالات پوچھے۔وزیراعظم نے بچوں سے ”ا، ب“ اور ”اے، بی ،سی، ڈی“ سنی۔ وزیراعظم نے بچوں سے جغرافیہ سے متعلق سوالات بھی کئے اور سکول کی حالت کے بارے میں بھی پوچھا جس پر بچوں کا کہنا تھا کہ پہلے سکول ”بہتر“ تھا لیکن اب ”بہت اچھا“ ہو گیا ہے۔

وزیراعظم نے بچوں سے دل لگا کر محنت کرنے کی تلقین بھی کی۔ وزیراعظم نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت نے جو سہولیات مہیا کی ہیں ان کی حفاظت کی جائے اور مزید بہتری لائی جائے اور بہتر عملہ بھی تعینات کیا جائے تاکہ بچوں کی حوصلہ افزائی اور سکے اور وہ صحیح معنوں میں تعلیم حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق اسلام آباد کے سکولوں، کالجوں میں اصلاحات کیلئے ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت اسلام آباد کے سکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے،حکومت تعلیمی شعبوں کیلئے بجٹ میں دوگنا اضافہ کر رہی ہے،وزیراعظم نے سکولوں کو اسٹیٹ آف آرٹ بنانے کے کام کاآغاز دیہی علاقے پنجگراں سے کیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سکول کی عمارت، کلاس رومز، لیب، لائبری، واش رومز اور دیگر تعمیرات کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے تاہم کھیل کا میدان اور باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر انتہائی ناقص ہے جسے فوراً ٹھیک کرایا جائے، سی ڈی اے نے تعمیر کیلئے پیسے لئے ہیں تو کوالٹی بھی ”اے ون“ ہونی چاہئے اور ناقص تعمیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ باسکٹ بال کورٹ اور کھیل کے میدان کی کوالٹی بہتر کرنے کیلئے اضافی پیسے بھی نہیں دیئے جائیں گے اور جتنی لاگت میں یہ تعمیر ہوا ہے اسی میں اسے بہتر بھی بنایا جائے، اسی طرح سیڑھیوں پر لگی ٹائلوں پر بھی پھسلن ہے جس کے باعث بچوں کے زخمی ہونے کا خطرہ ہے، اسے بھی فوراً تبدیل کرایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کا نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی سے دلی خوشی ہوئی ہے اور جن 22 سکولوں میں تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ان کے معیار کا جائزہ لیا جائے اور اگر کوئی کمی کوتاہی ہے تو اسے فوراً دور کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکول کے تعمیراتی معیار کیساتھ ساتھ پیسے کا پانی بھی صاف مہیا کیا جائے اور اساتذہ کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں صحیح معنوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔ وزیراعظم نے بچوں کیلئے کھیلوں کی کٹس مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ سکول انتظامیہ کے کہنے پر کچھ کٹس فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ مستحق بچوں کیلئے مزید کٹس بھی فراہم کی جائیں گی، سکول میں کارکردگی کے حساب سے ٹاپ 30 بچے جو کھیل پسند کرتے ہیں انہیں ان کی کٹس فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ تھا لیکن ہم نے آ کر آپریشن شروع کیا اور اب بہت حد تک اس پر قابو پایا جا چکا ہے، پاکستان اسی طرح آگے بڑھتا رہے گا اور دہشت گردی ختم ہو جائے گی، اسی طرح ملک میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال ابتر تھی تاہم اب کم ہو گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں سے لوڈشیڈنگ میں کمی سے متعلق سوال پوچھا تو جواب ہاں میں سن کر وزیراعظم نے اظہار مسرت کیا اور کہا کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں اور جو بھی کہتے ہیں ہمیشہ سچ کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طارق فضل چوہدری بھی اسی سکول میں پڑھے ہیں اور آج وزیر بن گئے ہیں، اگر آپ بھی دل لگا کر پڑھیں گے تو آگے جا کر کوئی صدر بن جائے گا اور کوئی وزیراعظم بن کر ملک کا نام روشن کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے نو منتخب میئر شیخ انصر عزیز کو مبارکباد دیتے ہوئے سکولوں کے دوروں کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیرمملکت برائے کیڈ ذاتی طور پر بھی سکولوں کا جائزہ لیں، کام مکمل ہونے والے 22سکولوں کا معائنہ کیا جائے، سکولوں کیلئے فراہم کئے گئے فنڈز کا صحیح استعمال نظر آنا چاہیے،سکول کے پرنسپل بھی تعمیری معیار کا خیال رکھیں، معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے اقدامات سب کی ذمہ داری ہے، سکولوں کی عمارتوں کی نگہداشت کیلئے فنڈز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے، بچوں کو بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی پر دلی خوشی ہے، تعلیمی نصاب کو بہتر بنانا تعلیمی معیار کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں کی دیواروں پر خاردارتاروں کی تنصیب سیکیورٹی کیلئے ضروری ہے، سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے مزید فنڈز فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں،سکولوں میں پینے کا صاف پانی، معیاری لیبارٹری یقینی بنائی جائے، سکولوں میں کھیلوں اور سیاحت کی سرگرمیوں کیلئے سامان مفت فراہم کیا جائے، میں چاہتا ہوں کہ اچھے لوگ آگے آئیں تا کہ ملک مزید ترقی کرے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی ختم ہو گئی اور اب عوام کی زندگیاں محفوظ ہیں، انشاء اللہ پاکستان آگے بڑھے گا اور دہشت گردی مکمل ختم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے، صحت کی سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، مفت صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، پاکستان کو خوبصورت ملک بنانا چاہتے ہیں۔