حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے ،عوامی مینڈیٹ کے مطابق عوامی خدمت فرض ہے‘مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے مجھ پر جس طرح اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرونگا

ڈپٹی میئر اسلام آباد چودھری رفعت ایڈووکیٹ کا مبارکبا د دینے کیلئے آنے والوں سے خطاب

جمعہ 19 فروری 2016 19:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) مسلم لیگ(ن)اسلام آباد سے نومنتخب ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ، عوام کی خدمت موجودہ حکومت اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور ہے اور عوام کی طرف سے دئیے گئے مینڈیٹ کے مطابق ان کی خدمت ہمارا قومی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اس لئے وہ ہر شعبے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کررہی ہے،پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور آئندہ بھی عوام دوست اقدامات کئے جائیں گے۔چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے مزیدکہاکہ حقیقی تبدیلی کا بیڑا پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اٹھایا ہے ،دوہرے معیار رکھنے والوں کاچہرہ عوام کے سامنے آشکار ہوچکا ہے کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں،عمران خان کی دھرنے کی سیاست کے باعث ملک کو پہلے بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، عمران خان کو چاہیے کہ وہ اپنے صوبے خیبرپختونخواہ کے حالات سدھارلیں بعد میں دوسرے صوبوں کی بات کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے چک شہزاد آفس اسلام آباد میں مبارکباد کیلئے آنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی میئر اسلام آباد چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے مجھ پر جس طرح اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرونگا اور اسلام آباد کے مسائل کے خاتمہ کیلئے بھرپور کرداراداکرونگا۔انہوں نے کہاکہ وہ پیدائشی مسلم لیگی ہیں اور ہمارے خاندان نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیا ہے،علاقائی مسائل کے حل کیلئے ہمارے خاندان کے کردار سے بچہ بچہ بخوبی آگاہ ہے، زندگی اور سیاست کا مقصد عوام کی بے لوث و بلاامتیاز خدمت ہے،خدمت کے اس دیے کو کبھی نہیں تھمنے دینے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :