قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے طور پر اپنانے سے متعلق قرارداد کی منظوری دیدی

قومی اسمبلی ٗ ایم کیو ایم کا الطاف حسین کی تقریر پر پابندی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ سب جانتے ہیں احتساب کمیشن کس نے بنایا تھا ٗ جیسا ئیوں گے ویسا کاٹیں گے ٗ حکومت عوام سے سچ بولنا شروع کر دے ٗ ظفر اﷲ خان جمالی

جمعہ 19 فروری 2016 20:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے طور پر اپنانے سے متعلق قرارداد کی منظوری دیدی ہے جبکہ اراکین اسمبلی نے کہاہے کہ سب جانتے ہیں احتساب کمیشن کس نے بنایا تھا ٗ جیسا ئیوں گے ویسا کاٹیں گے ٗ حکومت عوام سے سچ بولنا شروع کر دے ۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پرمیر ظفر اﷲ خان جمالی نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ احتساب کمیشن کس نے بنایا تھا ٗجیسا بوئیں گے ویسا کاٹیں گے ، 20 کروڑ عوام کے ساتھ آپ پہلے بھی کھیل رہے تھے آج بھی کھیل رہے ہیں نہ پہلے کبھی سچ بولا نہ آج سچ بول رہے ہیں میں حکومت سے کہتا ہوں کہ سچ بولنا شروع کر دیں ٗ نیب کا چیئرمین حکومت اور اپوزیشن نے مشاورت سے لگایا اور آج نیب کے حوالے سے باتیں کی جا رہی ہیں حکومت اور اپوزیشن 20 کروڑ عوام کی خواہشات کے ساتھ رہے ہیں آج آپ نیب کو ڈنڈا مار رہے ہیں ٗ اپوزیشن اور حکومت دونوں کہتے ہیں کہ اداروں کو مضبوط کیا جانا چاہئے کیا اس طرح ادارے مضبوط ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عذا افضل نے کہا کہ ہمارے ملک کو دنیا میں تیسرا نمبر ملا ہے جہاں لوگوں کو پھانسی دی جاتی ہے پچھے سال 324 لوگوں کو پھانسی دی گئی اور اے پی ایس واقعہ کے بعد یہ پھانسیاں دی گئیں میں حکومت سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ ہم جن جن کو پھانسی دے رہے ہیں وہ سارے دہشتگرد ہیں ؟ کیونکہ بہت سارے لوگ جیلوں میں ہیں جو دہشتگرد ہیں مگر پھانسی نہیں دی جا رہی بہت سارے معمولی جرائم کے لوگوں کو پھانسی دی گئی حکومت سے استدعا ہے کہ اس معاملے میں ہاتھ ہلکا رکھیں ٗ ضرب عضب کے بعد پھانسی کے عمل تیزا ہوا ہے ۔

عائشہ سید نے کہا کہ سوات میں جو پاسپورٹ آفس سے پہلے اس کے ساتھ بینک موجود مگر سوات آپریشن کے بعد سے وہ بینک شفٹ کیا گیا مگر آج تک دوبارہ بینک وہاں موجود نہیں کل لوئی بھیر تھانے میں ایک شخص ایف آئی آر درج کرانے گیا مگر چار گھنٹے بیٹھنے کے بعد ایف آئی آر درج نہیں ہوئی میں نے ایس آئی اور آئی جی اسلام آباد کو فون کیا مگر ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی میری گذارش ہے کہ وزارت داخلہ اسکا نوٹس لے اور لوگوں کو انصاف کیلئے ذلیل نہ کرے اور میرٹ پر ایف آئی آر درج کرے ۔

سید آصف حسنین نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں بڑی بڑی ریلیاں نکال رہی ہیں اور نام بدل بدل کر کام کر رہی ہے جبکہ ایم کیو ایم ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت ہے اس کے قائد پر پابندی ہے نہ ان کی تقریر نشر کی جا سکتی اور نہ ان کی تصاویر دکھائی جا سکتی ہیں لہذا حکومت اسکا نوٹس لے ۔ دوسرا ملک کے اندر ادویات کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں ہم ان دونوں ایشوز پر ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں جس پر ایم کیو ایم نے ایوان سے واک آؤٹ کیا محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے بہت باتیں ہو رہی ہیں بلوچستان میں پریس کانفرنس بھی ہوئی خانہ شماری کے حوالے سے انگریز نے مختلف ادوار میں مختلف ریمارکس اپنی اپنی کتابوں میں لکھے اور ایک نے لکھا کہ کوئٹہ کی آبادی کا زیادہ تر حصہ افغان اور بلوچ پر مشتمل ہے ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف پاکستان کا ترقیاتی ایجنڈا قرار دینے کے حوالے سے قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایک جیسے ترقیاتی اہداف پاکستان کے وژن2025 کے بھی عکاس ہیں جن کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں ، نجی شعبے ، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا گیا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے مل کر کام کریں۔ بعد ازاں ایوان کا اجلاس اب پیر شام چار بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔