پاکستان سپر لیگ ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کوباآسانی 9وکٹوں سے شکست دیدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 فروری 2016 23:56

پاکستان سپر لیگ ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کوباآسانی 9وکٹوں ..

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار20فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو آسان مقابلے میں 9وکٹوں سے شکست دے دی ۔ دبئی میں جاری میچ میں کراچی کنگز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم ان کے ابتدائی 4کھلاڑی 39رنز کے سکور پر پوویلین لوٹ گئے ۔لینڈل سمنز 19،ویسلز 1، شعیب ملک 0اور افتخار احمد 8رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

کپتان روی بوپارہ نے ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ریان ٹین ڈسکاٹے کے ساتھ مل کر 5ویں وکٹ کیلئے 49رنز جوڑے ،بوپارہ 37رنز بنانے کے بعد محمد سمیع کا شکار بنے۔ٹین ڈسکاٹے بھی بوپارہ کی جدائی برداشت نہ کرسکے اور اسی اوور میں سمیع کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔عماد وسیم 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اسامہ میر بھی پہلی ہی گیند پرچھکا مارنے کی کوشش میں پوویلین لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

محمد عامر 5رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹیں کھو کر 111رنز سکور کیے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5شکار کیے ، انکے علاوہ رسل نے 2جبکہ عرفان اور بدری نے 1،1شکار کیا ۔اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز کا آغاز کیا تو 18کے مجموعی سکور پر شرجیل خان 9رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بن گئے ۔

اس کے بعد بریڈ ہیڈن نے ڈووین سمتھ کیساتھ ملکر دوسری وکٹ کیلئے ناقابل شکست 96رنز جوڑ کر اسلام آباد کو جیت دلا دی ،ہیڈن 52اور سمتھ 50رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کے واحد کامیاب باؤلر سہیل خان رہے۔اس کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیڈ اب اتوار کی رات 9بجے پشاور زلمی کا سامنا کریگی اور فاتح ٹیم منگل کی رات پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ کریگی ۔