پی ایس ایل فائنل میں تیاری کیساتھ اتریں گے، سرفراز احمد، فائنل اپنے نام کریں گے،معین خان

اتوار 21 فروری 2016 17:33

پی ایس ایل فائنل میں تیاری کیساتھ اتریں گے، سرفراز احمد، فائنل اپنے ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی فارم میں ہیں ،پی ایس ایل فائنل میں پوری تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے، لیگ سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا ،کامیاب ایونٹ کروانے پر پی سی بی مبارکباد کا مستحق ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز حمد نے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کمزور ٹیم سمجھ کراہمیت نہیں دی جارہی تھی کیونکہ اس میں بڑے نام بھی شامل نہیں تھے لیکن ٹیم پلیئرز کی انتھک محنت اورکوچ اور پوری مینجمنٹ کی جانب سے بھر پور سپورٹ کی وجہ سے وہ پہلی پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سر ویوین رچرڈ کی وجہ سے بھی کھلاڑیوں کو بھرپور اعتماد حاصل ہوا ہے اور ان کے گھل مل کر رہنے اور ہر لمحہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنے کی وجہ سے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہت فائدہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے حوالے سے سرفراز حمد کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا اور اتنابہترین ایونٹ کروانے پر پی ایس ایل اور پی سی بی کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ، جب کہ پاکستانی عوام نے بھی اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں اور امید ہے کہ فائنل میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل بھی جیتیں گے،ٹیم متحد ہے۔ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے فائنل اپنے نام کریں گے۔