کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ مشکلات سے دوچار

پیر 22 فروری 2016 12:44

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ مشکلات سے دوچار

کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء)کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر121 رنز بنائے تھے جبکہ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 14 رنز کی ضرورت ہے۔نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور گپٹل بغیر کوئی رن بنائے پیٹنسن کے ہاتھوں آوٴٹ ہوگئے۔

دیگر کھلاڑی میں نکولس دو، لیتھم 39 اور میک کلم 25 رنز بنا سکے۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹنسن کے تین جبکہ ہیزلووڈ نے ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔تیسرے روز کا کھیل جب ختم ہوا تو ولیمسن 45 اور کورے اینڈرسن 25 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔پیر کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 363رنز چار کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور اس کی پوری ٹیم 505 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ پر 135 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔آسٹریلیا کی جانب سے برنز 170 اور سمتھ138 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ نیوی لینڈ کی طرف سے ویگنر نے چھ، بولٹ نے دو اور اینڈرسن اور ولیمسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا برینڈن میک کلم نے انتہائی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے کوری اینڈرسن کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 179 رنز بنائے۔

مک کلم 79 گیندوں پر چھ چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 145 رنز کی اننگز کھیلی۔34 سالہ برینڈن مک کلم نے اس سیریز سے قبل کہا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز ان کے کریئر کی آخری سیریز ہو گی۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 52 رنز سے شکست دی تھی ۔