نیب کا ڈاکٹرعاصم کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کا اعلان‘ احتساب عدالت میں کرپشن ، منی لانڈرنگ ، غیر قانونی الاٹمنٹ اور کمیشن لینے کے کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 فروری 2016 14:34

نیب کا ڈاکٹرعاصم کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کا اعلان‘ احتساب عدالت میں ..

کراچی (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22فروری۔2016ء) احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن ، منی لانڈرنگ ، غیر قانونی الاٹمنٹ اور کمیشن لینے کے کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی ، احتساب عدالت کراچی میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن ، منی لانڈرنگ ، غیر قانونی الاٹمنٹ اور کمیشن لینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب حکام ڈاکٹر عاصم حسین کو سخت سیکورٹی میں عدالت لائے۔

اس موقع پر ڈاکٹر عاصم کی والدہ اور بہن بھی عدالت میں موجود تھیں۔ ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے کمر کا آپریشن عدالتی احکامات کے باوجود نہیں کرایا جا رہا ہے۔ میڈیکل بورڈ کی سفارش کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے کمر کی سرجری کروائی جائَے۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بورڈ کی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل کرنا جیل انتظامیہ کا کام ہے۔

ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنس کے حوالے سے نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دو یا تین دن میں ریفرنس فائل کریں گے۔ عدالت نے حکم دیا کہ بروقت ریفرنس دائر کریں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہمارے پاس 29 فروری تک کا وقت ہے تاہم عدالت نے حکم دیا کہ ریفرنس 26 فروری سے قبل داخل کردیا جائے ، بعد میں عدالت نے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔