نیب کے پر نہیں کاٹ رہے ‘ ہر طرح کے احتساب کیلئے تیار ہیں ‘وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

بدعنوانی کی روک تھام کیلئے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں، آصف زرداری اور خورشید شاہ کی نیب پر تنقید بلاجواز ہے ‘ رانا تنویر حسین پیپلز پارٹی کی تنقید سے چوہدری نثار علی خان کے کام پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ‘انٹرویو

پیر 22 فروری 2016 15:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نیب کے پر نہیں کاٹ رہے ‘ ہر طرح کے احتساب کیلئے تیار ہیں ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کی روک تھام کیلئے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں، آصف زرداری اور خورشید شاہ کی نیب پر تنقید بلاجواز ہے اور یہ بالکل چور کی داڑھی میں تنکے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان حکومت کا ایک اہم حصہ ہیں،پیپلز پارٹی کی تنقید سے چوہدری نثار علی خان کے کام پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ نیب کے پر نہیں کاٹ رہے بلکہ ہر طرح کے احتساب کیلئے تیار ہیں تاہم نیب میں بھی بہتری کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ادارہ اب بھی اسی طرح کام کر رہا ہے جیسا مشرف نے بنایا تھا۔اداروں پر بے جا تنقید نہ کی جائے بلکہ مثبت تجاویز دی جائیں اور ان کا خیرمقدم کریں گے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ میگا پراجیکٹس کا تعلق جس مرضی جماعت سے بھی ہو، احتساب ہونا چاہئے اور رانا مشہود سمیت ہر کوئی جوابدہ ہونا چاہئے جبکہ رانا مشہود کے خلاف اگر کچھ بھی ہوا تو تحقیقات میں سامنے آ جائے گا۔