غیرت کے نام پر قتل کوئی غیرت کا کام نہیں،روایات کی بھینٹ چڑھانے کے عمل کو کسی طور پر جواز نہیں بنایا جا سکتا، اسلام عورتوں کے حقوق پر خصوصی توجہ کا درس دیتا ہے،شرمین چنائے کے فلم سازی میں نمایاں عالمی اعزاز حاصل کرنے پر فخر ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا شرمین کی دستاویزی فلم ”اے گرل ان دی ریور“کی تقریب رونمائی سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 فروری 2016 16:02

غیرت کے نام پر قتل کوئی غیرت کا کام نہیں،روایات کی بھینٹ چڑھانے کے عمل ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2016ء) : وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کوئی غیرت کا کام نہیں ،روایات کی بھینٹ چڑھانے کے عمل کو کسی طور پر جواز نہیں بنایا جا سکتا، اسلام عورتوں کے حقوق پر خصوصی توجہ کا درس دیتا ہے،تحریک پاکستان میں عورتوں نے بھی مردوں کی طرح شانہ بشانہ کام کیا،پاکستانی بیٹی شرمین عبید چنائے کے فلم سازی میں نمایاں عالمی اعزاز حاصل کرنے پر فخر ہے ۔

وہ آج پیر کو وزیراعظم آفس میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم ”اے گرل ان دا ریور“کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب رونمائی میں آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے ، وزراء، سفراء سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کرنے کا موضوع اُجاگر کرنے کے لیے شر مین عبید چنائے کی جانب سے کیے جانے والے اقدام کو سراہتا ہوں۔

انہوں نے شرمین عبید چنائے کی قابلیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرمین عبیدمعاشرے کے چیلنجنگ موضوعات کا انتخاب کرتی ہیں، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کی بیٹی نے فلمسازی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ۔ غیرت کے نام پر قتل غیرت نہیں ہے ، وزیر اعظم نواز شریف نے یقین دہانی کروائی کہ غیرت کے نام پر قتل کے قابل نفرت اقدام کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ خواتین کو ان کے حقوق دینے کے لے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ اسلام بھی خواتین کے حقوق پورے کرنے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خواتین کے لیے مائیکرو فنانسنگ بھی شروع کی ہے کیونکہ قائد اعظم کے ویژن کو حقیقت میں ڈھالنا میرا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ روایات کی بھینٹ چڑھانے کے عمل کو کسی طور پر جواز نہیں بنایا جا سکتا، اسلام عورتوں کے حقوق پر خصوصی توجہ کا درس دیتا ہے، اسلام میں عورتوں اور مردوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، تحریک پاکستان میں عورتوں نے بھی مردوں کی طرح شانہ بشانہ کام کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائد کے وژن کو پاکستان میں حقیقت بنانا میرا عزم ہے، پاکستانی قوم جانتی ہے کہ جمہوری عمل میں ہی ان کے حقوق کا تحفظ ہو سکتا ہے، وژن 2025 میں عورتوں کی خود مختاری اور ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی، دستاویزی فلم اے گرل ان دی ریور کی رونمائی مسئلے کے حل کیلئے حکومتی عزم کی عکاس ہے۔ دریں اثناںآسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نےتقریب رونمائی کے موقع پر تقریب سے خطاب اور سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو روکنا ہو گا،میری دستاویزی فلم ایک لڑکی کے حقیقی واقعہ پر مبنی ہے، غیرت کے نام پر قتل روکنے کیلئے قانون میں ترامیم ضروری ہے، آسکر میں پاکستان کی نمائندگی میرے لئے اعزاز ہے۔

عبید چنائے نے کہا کہ منتخب سیاسی قیادت نے میرے پیغام کو سنا اور قانون سازی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے یقین دلایا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف اقدامات کریں گے، میری فلم کی وزیراعظم آفس میں نمائش بہت اہم ہے،فلم کا مقصد لوگوں کو باور کرانا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کا اسلام سے تعلق نہیں ہے۔آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے کہا کہ اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام نے عورت کو معاشرے میں اعلیٰ مقام اور کئی حقوق دیئے ہیں۔

آسکر میں پاکستان کی نمائندگی میرے لئے اعزاز ہے،غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو روکنا ہو گا،میری دستاویزی فلم ایک لڑکی کے حقیقی واقعہ پر مبنی ہے، غیرت کے نام پر قتل روکنے کیلئے قانون میں ترامیم ضروری ہے۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر سمیت دیگر غیر ملکی شخصیات نے کہا کہ عورتوں کو حقوق دے کر قومی ترقی کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے، وزیراعظم کی طرف سے شرمین عبید چنائے کی حوصلہ افزائی احسن اقدام ہے۔

واضح رہے کہ شرمین عبید چنائے کی فلم آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئی ہیں،شرمین عبید چنائے ایک دستاویزی فلم پر پہلے بھی آسکر ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں، شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم کی تقریب رونمائی وزیراعظم آفس میں ہوئی۔ تقریب رونمائی میں وزیراعظم نواز شریف، وزراء، سفراء سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔”اے گرل ان دا ریور“۔”دا پرائس آف فارگیونس“ دستاویزی فلم غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر بنائی گئی ہے۔