پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں تبدیلیوں کا آغاز ، پی سی بی کا عاقب جاوید سے رابطہ، وقار کی جگہ لے سکتے ہیں

پیر 22 فروری 2016 21:12

پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں تبدیلیوں کا آغاز ، پی سی بی کا عاقب جاوید ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں تبدیلیوں کا آغاز ہوگیا ۔ اس تناظر میں اہم ترین پیش رفت کے طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے متحدہ عرب امارت کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عاقب جاوید سے بھی رابطہ کیا ہے۔ وہ ممکنہ طور پر وقار یونس کے جانشین ثابت ہوسکتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویوین رچرڈز کو آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں مینٹور بنانے کے لئے30ہزار ڈالرز (30لاکھ روپے) کی پیشکش کی ہے۔

وہ معاوضے میں اضافہ چاہتے ہیں اس لئے ابھی معاملات طے نہیں ہوسکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ویوین رچرڈز کو طویل المعیاد معاہدے کی پیشکش نہیں کررہا ہے۔ رچرڈز تین ہفتے کے اسائنمنٹ پر پاکستان ٹیم کے بینچ پر بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت وقار یونس کو ماہانہ 16ہزار ڈالرز اور مشتاق احمد کو8ہزار ڈالرز ملتے ہیں۔ دیگر غیر ملکی کوچز کے معاہدے بھی میں رقم دس ہزار ڈالرز کے اندر ہے۔

بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران کئی اسائنمنٹ کی پیشکش کی وجہ سے رچرڈز نے ابھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کو قبول نہیں کیا ہے۔ ان کا ایشیاکپ کے بعد ڈیل فائنل ہونے کے بعد ذمے داریاں سنبھالنے کا امکان ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے انہیں تین ہفتے کے لئے ایک لاکھ ڈالرز (تقریباً ایک کروڑ روپے) مل رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان مشتاق احمد کی جگہ بولنگ کوچ کی ڈیل کو لاک کرنے دبئی پہنچ رہے ہیں۔

اظہر محمود دبئی میں معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد بدھ کو پاکستان ٹیم کے ساتھ ڈھاکا روانہ ہوں گے۔ سرے کاؤنٹی کے ساتھ معاہدہ چند ہفتوں کا ہے۔ جولائی میں جب پاکستان ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی اس وقت اظہر محمود سرے کاؤنٹی سے اپنی ذمے داریاں نبھائیں گے اور ان کا پاکستان ٹیم کے ساتھ معاہدہ برقرار رہے گا۔ ۔