مغربی کلچر کے بجائے اسلامی ثقافت کو فروغ دیا جائے،ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی

پیر 22 فروری 2016 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء ) رہائش گاہ ڈاکٹر غلام مصطفی اعوان گلی نمبر 100سیکٹر آئی ایٹ فور اسلام آبادمیں ’’سالانہ محفل میلاد مصطفیؐ‘‘ منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حضرات نے بھر پور شرکت کی ،اسلام آبادعلماء کونسل انٹرنیشنل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرون اولیٰ کی بانسبت ہمارا رشتہ حضور ؐسے کمزور پڑتا جا رہاہے ،اُ ن کے دلوں میں ہماری نسبت زیادہ محبت رسول ؐتھی ،جس کی وجہ سے وہ پوری دنیا پر غالب تھے،قیصر وکسریٰ کے بادشاہ بھی ان کے نام اور کردار سے مرغوب تھے اور کہاکہ آج مسلم امہ ترقی کی بجائے تنزلی کا شکار ہے ،ان حالات میں اتباع سنت اور جذبہ محبت رسول ؐکو فروغ دے کر ہی امت مسلمہ عظمت رفتہ کی بحالی کو ممکن بنا سکتی ہے ،مزید کہاکہ مسلم قوم مغربی کلچرکی بجائے اسلامی ثقافت وتمدن کو فروغ دے ،آج ہمیں ویلنٹائن ڈئے اور دوسرے تہواروں کی بانسبت میلادالنبی ؐکو زیادہ جوش وخروش سے منانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اورکہاکہ نبی کریم ؐکی محبت اورتعظیم ہی اصل ایمان ہے ،تعلیمات مصطفی ؐکو فروغ دے کر ہی نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچایا سکتا ہے ۔مزید کہا کہ حضور ؐکی ولادت باسعادت کی خوشی کرنا ایک سعادت کاکام ہے لہذاٰ ہمیں چاہیے کہ ذکر مصطفی کو جوش وجذبے سے کریں اور آپؐ کے بتائی ہوئی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں ،کانفرنس کے آخر میں غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی ،اتحاد اہل سنت اور ملک وملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ محفل میں علامہ رفاقت علی جلالی، سید عبد الحق شاہ ، حافظ محمد عثمان جلالی سمیت دیگر نے بھرپور شرکت کی۔