سپیکر قومی اسمبلی کاپاکستان میں سماجی و معاشی شعبوں میں یوروپین یونین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان یورپی یونین کیساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ،جمہوریت کی مضبوطی، اقتصادی ترقی، عالمی امن کیلئے عالمی برادری کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، سردار ایاز صادق

پیر 22 فروری 2016 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جن کی بنیاد دوستی، تعاون اور عالمی و علاقائی امور پر ہم آہنگی پر ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوروپین یونین کے سفیر Jean Francois Cautainسے گفتگو میں کیا جو آج سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس تشریف لائے تھے۔

یوروپین یونین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں جمہوری عمل اورسیاسی اداروں کے استحکام کے لئے یوروپین یونین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت یوروپین یونین کے ساتھ طویل المدتی سٹریٹجک تعاون کی خواہاں ہے جس میں معاشی و تجارتی تعلقات میں بہتری، امن و امان اور پارلیمانی تعاون کے امور پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔

(جاری ہے)

ـ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم جمہوریت کی مضبوطی، اقتصادی ترقی، عالمی امن اور خصوصا جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کیلئے عالمی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے بیر ون ملک مقیم تارکین وطن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کئی پاکستانیوں نے یورپ کو اپنا بسیرا بنا لیا ہے جو اب ان کے معاشرے کے کارآمد شہری بن چکے ہیں جبکہ ان میں سے کئی لوگ وہاں کی پارلیمان کے ممبران منتخب ہو چکے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سٹریٹجک پلان کی تدوین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے ذریعے ممبران پارلیمان سمیت سیکرٹریٹ سٹاف کی استعدادکار میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایوان کو اب ای۔پارلیمنٹ میں منتقل کیا جا رہا ہے جس کے تحت ماحول دوست فضا قائم کی جائے گی اور کاغذ کے استعمال میں کمی کے ذریعے بچت کو ممکن بنایا جاسکے گا۔

یورپین یونین کے سفیر Jean Francois Cautain نے سپیکر قومی اسمبلی کے کلمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یوروپین یونین پاکستان میں تعمیراتی سرگرمیاں، صنفی مساوات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی جمہوریت اورسیاسی اداروں کی مضبوطی اور ممبران اسمبلی و سیکرٹریٹ سٹاف کی استعداد کاربڑھانے کے لئے پارلیمان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔