وزیر اعظم نواز شریف پارلیمنٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا

منصوبہ پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، اپنے دور حکومت کے اختتام تک بجلی کے مسائل کو حل کر لیں گے ۔وزیر اعظم نوا ز شریف کی افتتاحی تقریب کے شر کا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 فروری 2016 11:57

وزیر اعظم نواز شریف پارلیمنٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2016ء) : وزیر اعظم نواز شریف پارلیمنٹ کی شمسی توانائی پر منتقلی کا افتتاح کر دیا۔ پارلیمنٹ پہنچنے پر اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق اور چئیر مین سینیٹ رضا ربانی نے وزیر اعظم نوااز شریف کا استقبال کیا ۔ اس منصوبے میں تین ہزار نو سو چالیس سولر پینلز نصب کیے گئے ہیں جو فی گھنٹہ ایک میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

اس منصوبے کے بعد پارلیمنٹ کی بجلی کا بل صفر ہو گیا ہے ۔ بیٹری بیک اپ رکھنے کی بجائے اضافی بجلی کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کے افتتاح کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ دنیا بھر کی وہ واحدگرین پارلیمنٹ ہے جو مکمل طور پر سولر انرجی پر شفٹ ہو گئی ہے۔ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزرا سمیت چینی سفیر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ برس 21اپریل 2015ء کو اس منصوبے کا سنگ بنیاد چینی صد شی چن پنگ نے رکھا تھا ، جسے گذشتہ برس ہی سات دسمبر کو مکمل کر لیا گیا تاہم اس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم نواز شریف نے یوم ھٰذا کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے شرکا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پارلیمنٹ نے از خود بجلی بنانے کا فیصلہ کیا ۔ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، منصوبے کی تکمیل پر اسپیکر قومی اسمبلی اور چئیر مین سینیٹ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس منصوبے کی کرنیں پورے ملک میں پھیلیں گی ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بننے کے بعد پارلیمنٹ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجلی میں خود کفیل ہو گئی ہے،یہاں سے بجلی نیشنل گرڈ کو بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ بجلی کی قلت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، بجلی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔